چھتیس گڑھ سڑک حادثے میں 11 لوگوں کی موت، سی ایم بھگیل نے کیا غم کا اظہار ، بہتر علاج کی دی ہدایات
Chhattisgarh: چھتیس گڑھ کے بلودابازار بھٹاپارہ ضلع میں پک اپ وین اور ٹرک کے درمیان تصادم میں چار بچوں سمیت گیارہ افراد ہلاک اور بارہ زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔
سی ایم بھوپیش بھگیل نے اس واقعہ پر غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ – کل رات بلودابازار-بھٹاپارہ روڈ سڑک حادثے میں گیارہ لوگوں کی موت کی خبر بہت افسوسناک ہے۔ اوپر والا ان کی روح کو سکون اور لواحقین کو ہمت دے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو امداد فراہم کی جائے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ضلع کے بھٹاپارہ تھانہ علاقے کے تحت کھمریا گاؤں کے قریب جمعرات کو دیر گئے پک اپ وین اور ٹرک کے درمیان تصادم میں وین میں سوار 11 افراد ہلاک ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی ہے کہ سمگا علاقے کے گاؤں کھیلورہ کے رہنے والے ایک پک اپ وین میں ارجونی گاؤں گئے تھے جہاں وہ خاندانی تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے اور وہاں سے واپس آتے ہوئے کھمریا گاؤں کے قریب ان کی گاڑی ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعے میں 11 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال بھیج دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔