Bharat Express

I.N.D.I.A Seat Sharing: مغربی بنگال کے بعد پنجاب میں بھی کانگریس کو بڑا جھٹکا،وزیر اعلی بھگونت مان کا بڑا بیان

پنجاب کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی لیڈر بھگونت مان نے کہا کہ ہمارا پنجاب میں کانگریس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، “عام آدمی پارٹی نے پنجاب کی 13 لوک سبھا سیٹوں کے لیے تقریباً 40 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔

پنجاب میں بھی کانگریس کو بڑا جھٹکا

مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس سے ملنے والے دھچکے کے بعد اب عام آدمی پارٹی  نے بھی پنجاب میں کانگریس کوجھٹکا دیا ہے۔عام آدمی پارٹی نے واضح کر دیا ہے کہ پارٹی پنجاب میں اکیلے لوک سبھا الیکشن لڑے گی۔

پنجاب کے وزیر اعلی اورعام آدمی پارٹی لیڈر بھگونت مان نے کہا کہ ہمارا پنجاب میں کانگریس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، “عام آدمی پارٹی نے پنجاب کی 13 لوک سبھا سیٹوں کے لیے تقریباً 40 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ پارٹی 13 لوک سبھا سیٹوں کے امیدواروں کے لیے سروے کر رہی ہے۔

چندی گڑھ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کانگریس کے ساتھ اتحاد سے متعلق بھگونت مان نے کہا کہ عام آدمی پارٹی بھی لوک سبھا کی سیٹوں کو 14 تک بڑھا سکتی ہے، کیونکہ ایک سیٹ چنڈی گڑھ کی بھی ہے۔

کیا دہلی میں عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد ہوگا؟

عام آدمی پارٹی اب بھی دہلی میں کانگریس کے ساتھ اتحاد کے لیے تیار ہے۔ ابھی تک یہاں کی سات سیٹوں کے لیے فارمولہ تیار نہیں ہوا ہے، لیکن کانگریس کی قومی اتحاد کمیٹی اور عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کو لے کر میٹنگ ہوئی ہے۔ اس دوران دونوں پارٹیوں نے بی جے پی کے خلاف اتحاد کا اعادہ کیا ہے۔

ممتا بنرجی نے جھٹکا دیا۔

حزب اختلاف کی جماعتوں ‘انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس’ انڈیا اتحاد کو جھٹکا دیتے ہوئے، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ٹی ایم سی کی سربراہ ممتا بنرجی نے بدھ (24 جنوری) کو اعلان کیا کہ ہم ریاست میں لوک سبھا انتخابات اکیلے ہی لڑیں گے۔

کانگریس اور ٹی ایم سی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم  سے متعلق  انہوں نے کہا کہ “میں نے انہیں (کانگریس) کو سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں ایک تجویز دی تھی، لیکن انہوں نے اسے شروع میں مسترد کر دیا تھا۔ ہماری پارٹی نے اب بنگال میں تنہا انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دریں اثنا، آسام کے شمالی سلمارہ میں بھارت جوڑو نیا ئےیاترا کے دوران کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا، “ممتا بنرجی کے بغیر کوئی بھی ‘انڈیا’ اتحاد کا تصور نہیں کر سکتا۔ ‘انڈیا اتحاد مغربی بنگال میں لوک سبھا انتخابات لڑے گا اور تمام (شراکت دار) حصہ لیں گے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ کانگریس اور عام آدمی پارٹی اپوزیشن کے متحدہ محاذ  انڈیا اتحاد کا حصہ ہیں۔

بھارت ایکسپریس۔