مانک ساہا ہی تریپورہ کے وزیراعلیٰ ہوں گے، دوسری بار حکومت سنبھالیں گے، منتخب لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر
Tripura CM: مانک ساہا دوسری بار تریپورہ کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیں گے۔ انہیں پیر کو متفقہ طور پر بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔ اس کے بعد وہ آج شام گورنر سے ملاقات کرکے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کریں گے۔ تریپورہ میں انتخابات سے ایک سال قبل بپلب کمار دیب کو ہٹا کر مانک ساہا کو ریاست کی کمان سونپی گئی تھی۔
اگرچہ بی جے پی نے اس بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے کسی امیدوار کا نام نہیں لیا، لیکن پارٹی کی انتخابی مہم نے اشارہ دیا کہ مانک ساہا کو ‘ہاٹ سیٹ’ پر برقرار رکھا جائے گا۔ پی ایم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی انتخابی ریلیوں میں ’’مودی مانک ساہا حکومت‘‘ کے لیے دوسری میعاد کا مطالبہ کیا جا رہاتھا۔
تاہم لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ سے پہلے مرکزی وزیر پرتیما بھومک کا نام بھی سامنے آرہا تھا اور ان کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ تریپورہ میں بھی وزیراعلیٰ کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ تاہم، لیجسلیچر پارٹی میٹنگ میں مانک ساہا کے نام کو منظوری دی گئی اور وہ دوسری بار تریپورہ کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیں گے۔
My sincere gratitude to all for electing me as the leader of legislature party.
Under the guidance of Hon’ble PM Shri @narendramodi ji, we shall work together to build ‘Unnata Tripura, Shrestha Tripura’ & ensure the welfare of all sections of people.@blsanthosh pic.twitter.com/UC0IrV3QOA
— Prof.(Dr.) Manik Saha (@DrManikSaha2) March 6, 2023
کلین امیج لیڈر ہیں مانک ساہا
تریپورہ میں حلف برداری کی تقریب 8 مارچ کو ہوگی۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی صدر جے پی نڈا اس میں شرکت کے لیے منگل کی شام اگرتلہ پہنچیں گے۔ حلف برداری کی تقریب میں پی ایم نریندر مودی کے بھی شرکت کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ مانک ساہا کی حلف برداری کی تقریب میں بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے کئی وزرائے اعلیٰ بھی شرکت کر سکتے ہیں۔ مانک ساہا کو کلین امیج کا لیڈر سمجھا جاتا ہے اور انہوں نے امن و امان پر کافی کام کیا ہے۔ اس دوران ریاست میں تشدد کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔
دوسری بار حکومت بنائے گی بی جے پی
بی جے پی نے 60 رکنی اسمبلی میں 32 نشستیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کی، جب کہ اس کے اتحادی، انڈی جینس پیپلز فرنٹ آف تریپورہ (آئی پی ایف ٹی) نے ایک نشست جیتی۔ اس طرح بی جے پی تریپورہ میں مسلسل دوسری بار حکومت بنانے جا رہی ہے۔ تریپورہ میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ 16 فروری کو ہوئی تھی اور نتائج کا اعلان 2 مارچ کو کیا گیا تھا۔
-بھارت ایکسپریس