مہاراشٹر کے جلگاؤں میں دو گروپوں کے درمیان پتھراؤ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ شیوسینا کے وزیر گلاب راؤ پاٹل کے اہل خانہ کو لے جانے والی گاڑی سے ہارن بجانے پر دونوں گروپوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔ معلومات کے مطابق منگل کی رات جلگاؤں ضلع کے پالادھی گاؤں میں پتھراؤ اور آتش زنی کا واقعہ پیش آیا۔
ہارن بجانے پر گاؤں والوں اور پارٹی کارکنوں کے درمیان کہا سنی ، اس دوران ہنگامہ بڑھ گیا اور مشتعل بھیڑ نے پتھراؤ شروع کر دیا۔ کچھ ہی دیرمیں حالات قابو سے باہر ہو گئے۔ دکانوں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی اورجم کر فائرنگ کی گئی۔ تشدد کی اطلاع ملتے ہی جلگاؤں کے مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ پولیس نے تقریباً 25 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اور تقریباً 10 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ گاؤں میں شام 6 بجے تک کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
ہارن بجانے سے مشتعل ہوئےگاؤں کے لوگ
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے سال سے ایک دن قبل 31 دسمبر کی رات کو جلگاؤں ضلع کے پالادھی گاؤں میں تشدد پھوٹ پڑا۔ یہاں شیوسینا کے وزیر گلاب راؤ پاٹل کا خاندان اپنی گاڑی میں جا رہا تھا۔ گاڑی کے ڈرائیور نے ہارن بجایا ،جس سے گاؤں والے مشتعل ہوگئے۔ اس دوران ان کا کار ڈرائیور سے جھگڑا ہوگیا۔ حالات مار پیٹ تک پہنچ گئے۔ اس واقعہ کی اطلاع گاؤں میں آگ کی طرح پھیل گئی۔ اس دوران کچھ مشتعل شیوسینکوں نے گاؤں والوں پر حملہ کر دیا۔ اس کے بعد گاؤں والے مشتعل ہوگئے۔
گاؤں میں پتھراؤ، فائرنگ اور توڑ پھوڑ کی گئی
مشتعل گاؤں والوں نے پتھراؤ کردیا۔ دونوں گروپ آمنے سامنے آگئے۔ گاؤں میں فائرنگ اور آتش زنی کی گئی۔ کئی دکانوں کو آگ لگا دی گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ آگ لگنے کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی گاڑی کو طلب کر لیا گیا۔ اس دوران شرپسندوں نے کئی دکانوں کو جلایا اور توڑ پھوڑ کی۔ جب تک فائر بریگیڈ موقع پر پہنچی تب تک تمام گاڑیاں اور دکانیں جل کر راکھ ہو چکی تھیں۔
بھارت ایکسپریس