دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی نریش بالیان کو جبر وصولی کے معاملے میں حراست میں لیا ہے۔ تفتیش میں نریش بالیان اور بدنام زمانہ گینگسٹر کپل سنگوان کے درمیان ہونے والی بات چیت کا آڈیو کلپ سامنے آنے کے بعد یہ گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ اطلاعات کے مطابق بات چیت میں تاجروں سے وصولی کی رقم وصول کرنے پر بات چیت ہوئی۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
قبل ازیں ہفتہ 30 نومبر کو، بی جے پی نے الزام لگایا تھا کہ دہلی میں حکمراں جماعت کا ایک ایم ایل اے ایک غنڈہ کی مدد سے جبر وصولی میں ملوث ہے۔ بی جے پی کے قومی ترجمان گورو بھاٹیہ اور پارٹی کی دہلی یونٹ کے صدر وریندر سچدیوا نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے آپ ایم ایل اے کی گینگسٹر کے ساتھ مبینہ بات چیت کا ایک آڈیو کلپ بھی چلایا۔
بی جے پی نے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا
گورو بھاٹیہ نے پریس کانفرنس کے دوران الزام لگایا کہ آپ لوگوں کو دھمکیاں دینے اور ان سے پیسے وصولنے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا کیجریوال اور دہلی کے وزیر اعلیٰ آتشی ایم ایل اے کے خلاف کارروائی کریں گے اور ان سے استعفیٰ دینے کو کہیں گے؟ انہوں نے کہا کہ اگر وہ ان کا (ایم ایل اے) استعفیٰ قبول نہیں کرتے ہیں تو یہ سمجھا جائے گا کہ جمع ہونے والی رقم پارٹی اور اس کے لیڈروں کو جا رہی ہے۔
اے اے پی نے اس آڈیو کو فرضی قرار دیا
تاہم عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے بی جے پی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ آڈیو کلپ فرضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اروند کیجریوال دہلی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بڑھتے ہوئے جرائم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔ ان جرائم کو روکنے کے بجائے بی جے پی اور امت شاہ کیجریوال کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمارے لیڈر کو روکنے کے لیے اب وہ فرضی آڈیو کلپ چلا رہے ہیں۔
بھارت ایکسپریس