علامتی تصویر
بپرجائے طوفان کے بعد ملک کی راجدھانی دہلی میں موسم میں تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے۔ ہفتہ کے روز دہلی-این سی آرکے کچھ علاقوں میں بوندا باندی ہوئی، لیکن اس بوندا باندی نے لوگوں کو گرمی سے راحت دینے کے بجئے اُمس کو مزید بڑھا دیا۔ ہفتہ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری اور کم ازکم درجہ حرارت 27.6 ڈگری درج کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز یعنی آج کے لئے بھی گرج کے ساتھ بوندا باندی کا اندازہ ظاہر کیا ہے۔
دہلی کے کناٹ پلیس، چانکیہ پوری، پالم، آئی ٹی او اور موتی باغ سمیت دہلی کے کئی حصوں میں ہفتہ کی شام بوندا باندی دیکھی گئی۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آئندہ تین دنوں تک ہلکی بارش یا گرج کے ساتھ تیز ہوا چلنے کی پیشین گوئی کی ہے۔ آئی ایم ڈی کے سائنسداں کلدیپ شریواستو نے کہا کہ ’جنوب مغربی راجستھان میں سمندری طوفان بپرجائے کی باقیات آئندہ کچھ دنوں تک اس علاقے میں نمی بڑھاتے رہیں گے۔ اس کے سبب آئندہ کچھ دنوں تک بارش کا امکان ہے۔‘
آئی ایم ڈی کے مطابق، آئندہ کچھ دنوں تک دہلی کی درجہ حرارت 38 سے 39 ڈگری کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا ہے کہ دہلی-این سی آرمیں آئندہ تین دنوں تک ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ ساتھ ہی اس دوران 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔ مرکزی آلودگی بورڈ (سینٹرل پالیوشن بورڈ) کے مطابق شام 6 بجے دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیوآئی) 121 درج کیا گیا، جوکہ متوسط زمرے میں آتا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔