Bharat Express DD Free Dish

R.G. Kar incident: آرجی کر میڈیکل کالج کیس کی برسی پر ریاستی حکومت کے خلاف احتجاجی مہم تیز، بیٹی کے انصاف کے لیے نکلی ماں کے خلاف پولیس کا مبینہ تشدد

شوبیندو ادھیکاری نے الزام لگایا کہ پولیس کارروائی میں 100 سے زائد لوگ زخمی ہوئے جن میں متاثرہ کے والدین بھی شامل ہیں۔ متاثرہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی کی پولیس نے بغیر کسی اشتعال کے انہیں دھکا دیا اور ان کی چوڑیاں توڑ دیں۔

کولکاتا کے آر جی کر میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ ہونے والے مبینہ ریپ اور قتل کے ایک سال مکمل ہونے پر مغربی بنگال کی سیاست میں پھر گرما گرمی پیدا ہو گئی۔ متاثرہ خاندان نے سی بی آئی تحقیقات پر سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے ادارے کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ بی جے پی نے ریاستی حکومت کے خلاف احتجاجی مہم تیز کر دی ہے۔ اسی سلسلے میں نبانہ مارچ کا انعقاد کیا گیا جہاں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ میں متاثرہ کی والدہ زخمی ہو گئیں۔

پولیس اور مظاہرین میں تصادم، لاٹھی چارج

ہفتہ کو کولکاتا کے پارک اسٹریٹ کراسنگ پر نبانہ مارچ کے دوران کشیدگی پیدا ہوئی۔ مظاہرین ریاستی سکریٹریٹ کی جانب بڑھ رہے تھے اور پولیس کی وارننگ کے باوجود رانی رشمونی روڈ سے آگے ودیا ساگر سیتو کی طرف جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ مظاہرین کی ضد اور آگے بڑھنے کی کوششوں کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس سے کئی افراد زخمی ہوئے۔

بی جے پی رہنماؤں کا دھرنا

اپوزیشن لیڈر شوبیندو ادھیکاری، اگنی مترا پال اور دیگر بی جے پی ارکان اسمبلی نے پارک اسٹریٹ۔جے ایل نہرو روڈ کراسنگ پر دھرنا دیا۔ ادھیکاری نے الزام لگایا کہ پولیس کارروائی میں 100 سے زائد لوگ زخمی ہوئے جن میں متاثرہ کے والدین بھی شامل ہیں۔ متاثرہ کی والدہ کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی کی پولیس نے بغیر کسی اشتعال کے انہیں دھکا دیا اور ان کی چوڑیاں توڑ دیں۔

سی بی آئی تحقیقات پر متاثرہ خاندان کے تحفظات

متاثرہ کے والدین نے دہلی میں سی بی آئی ڈائریکٹر سے ملاقات کے بعد دعویٰ کیا کہ ایجنسی کیس سے الگ ہونا چاہتی ہے۔ متاثرہ کے والد نے کہا کہ جب میں نے سخت سوالات کیے تو انہوں نے کہا کہ وہ کیس چھوڑنا چاہتے ہیں۔ میں نے کہا کہ مجھے کیوں بتا رہے ہیں، عدالت میں جا کر کہیے۔ ان کے پاس کسی سوال کا جواب نہیں تھا۔ متاثرہ کی والدہ نے کہا کہ یہ ادارہ جو 140 کروڑ لوگوں کی نمائندگی کرتا ہے کہہ رہا ہے کہ ہم کیس چھوڑ دیں گے، انہوں نے آخر ایک سال کیوں ضائع کیا۔ کروڑوں روپے خرچ کرنے والے ادارے کو بند کر دینا چاہیے۔

بی جے پی کا ریاستی حکومت کے خلاف محاذ

شوبیندو ادھیکاری اور اگنی مترا پال نے سکریٹریٹ کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے روک دیا، جس کے بعد دونوں نے سڑک پر دھرنا دیا۔ ادھیکاری نے کہا کہ ممتا  بنرجی حکومت کا جانا طے ہے اسی لیے پولیس نے ہمارے ساتھ تشدد کیا۔ اگنی مترا پال نے وزیراعلیٰ پر الزام لگایا کہ وہ خوف زدہ ہیں اور پولیس ان کی خوشامد کر رہی ہے۔ ایک سال گزر چکا ہے اور بنگال کی عوام سڑکوں پر اتر کر احتجاج کر رہی ہے لیکن نتیجہ اب تک برآمد نہیں ہوسکا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read