جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔
نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شیخ الجامعہ،عالمی شہرت یافتہ ہمہ جہت شخصیت، معروف دانشور، ممتازماہرلسانیات اورمحقق، پروفیسر مظہرآصف نے آج راشٹرپتی بھون میں صدرِجمہوریہ ہند دروپدی مرموسے خصوصی ملاقات کی۔ یہ ملاقات اقلیتی طبقات اورسماج کے پسماندہ طبقوں کی تعلیم وترقی کے موضوع پرمرکوزتھی۔ اس ملاقات کے دوران مختلف قومی، سماجی اورتعلیمی امورپربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پروفیسرمظہرآصف نے صدرِجمہوریہ کوان طبقات کودرپیش تعلیمی چیلنجزسے آگاہ کیا اوران کے حل کے لئے عملی تجاویزبھی پیش کیں۔ انہوں نے اقلیتوں کے لیے تعلیمی وظائف، تعلیمی اداروں میں بہترسہولیات اورشمولیتی پالیسیوں کی ضرورت پرزوردیا۔
پروفیسرمظہرآصف نے صدرجمہوریہ ہند کواقلیتوں کی تعلیم، قومی ہم آہنگی اورسماجی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے اپنی تجاویزپیش کیں اوران پرعمل درآمد کی ضرورت پرزوردیا۔ انہوں نے صدرجمہوریہ کواپنے جاری تحقیقی منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔ صدرجمہوریہ ہند نے پروفیسرمظہر آصف کی علمی و فکری خدمات کو سراہا اورانہیں قومی ترقی میں ان کے کردار کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ انہوں نے ملک میں اتحاد، رواداری اورترقی کے فروغ میں اہل علم اوردانشوروں کے مثبت کردارکواجاگرکرنے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔
صدر جمہوریہ ہند نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے علمی کردار کو سراہا
دوسری جانب صدرِجمہوریہ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے علمی کردارکوبھی سراہا اورقوم کی تعمیرمیں ادارے کی خدمات کی تعلیمی، تحقیقی اورسماجی کردارکی تعریف کی۔ انہوں نےمزید کہا کہ جامعہ نہ صرف اقلیتی طبقات بلکہ پورے ملک کے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں ایک کلیدی کردارادا کر رہی ہے۔ دوران گفتگو شیخ الجامعہ نے جامعہ کے تاریخی پس منظر، قومی تحریک سے اس کی وابستگی اور آج کے بدلتےتعلیمی منظرنامے میں اس کے مثبت کردار پر شافی روشنی ڈالی۔
صدرجمہوریہ ہند اوروائس چانسلرکی ملاقات مثبت اورسود مند رہی
صدرِجمہوریہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ جامعہ آنے والے وقت میں تحقیق، اختراع اورشمولیتی تعلیم کے میدان میں مزید پیش قدمی کرے گی۔ ملاقات میں انہوں نے ادارے کے اساتذہ اورطلبہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے مشن میں جامعہ کا کردارقابلِ تقلید ہے۔ دونوں شخصیات کی ملاقات نہایت مثبت اورسودمند رہی۔ اس ملاقات میں قومی ترقی، تعلیمی اصلاحات اورسماجی ہم آہنگی جیسے اہم موضوعات پرتعمیری گفتگوہوئی۔ صدرِجمہوریہ اورشیخ الجامعہ کے درمیان خیالات کا تبادلہ خوشگوارماحول میں ہوا، جس سے مستقبل میں مزید تعاون اورشراکت داری کی راہیں ہموارہوں گی۔ یہ ملاقات نہ صرف ایک علمی شخصیت کے اعزازکا اعتراف تھی بلکہ اس بات کی بھی مظہرہے کہ ملک کی اعلیٰ قیادت تمام طبقات کے مثبت تعاون کوقدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
