Bharat Express DD Free Dish

Union Ministers Express Pride: وزیراعظم مودی کے تاریخی دورِ اقتدار پر مرکزی وزراء کا اظہارِ فخر، کہا- ملک نے قابلِ ذکر ترقی حاصل کی

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان اور وزیرِ ہاؤسنگ و شہری امور منوہر لال نے بدھ کے روز وزیراعظم نریندر مودی کو بھارت کے طویل ترین عرصے تک خدمات انجام دینے والے منتخب وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کی۔

مرکزی وزراء نے کہا کہ وزیراعظم مودی کی قیادت میں گزشتہ 12 برسوں کے دوران ملک نے غیر معمولی ترقی کی ہے۔راج ناتھ سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر لکھا کہ نریندر مودی کو بھارت کی تاریخ میں سب سے زیادہ مدت تک خدمات انجام دینے والے منتخب وزیراعظم بننے پر مبارکباد۔ انہوں نے اپنے عہدۂ وزارتِ عظمیٰ کے 4,399 دن مکمل کر لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’راشٹر فرسٹ‘ کے اصول سے متاثر ایک انتھک کرم یوگی کے طور پر ان کا دورِ حکومت بھارت کے لیے غیر متزلزل وابستگی، عوامی فلاح و بہبود کے لیے عزم اور قوم کی خدمت میں تبدیلی لانے والی قیادت کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیر دفاع نے یہ بھی کہا:

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ گزشتہ بارہ برسوں میں بھارت نے ترقی اور عالمی قیادت کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ اس دوران ملک میں ثقافتی اور تہذیبی احیاء بھی دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں عوام  زیادہ پراعتماد ہوئی اور اپنی وراثت سے مزید گہرا تعلق قائم ہوا۔ ان کے مطابق وزیراعظم مودی ’وکست بھارت‘ کے ہدف کی جانب ملک کو خوشحالی، ترقی اور عالمی شناخت کی نئی بلندیوں تک لے جا رہے ہیں۔

وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان کی ایکس پوسٹ

وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ آج کا دن تاریخی اور غیر معمولی ہے، کیونکہ وزیراعظم نریندر مودی بھارت کے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے منتخب وزیراعظم بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کروڑوں بھارتیوں کے اعتماد، محبت اور بھرپور عوامی حمایت کا نتیجہ ہے۔شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ انہیں وزیراعلیٰ اور بعد ازاں مرکزی وزیر کی حیثیت سے وزیراعظم مودی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، جہاں انہوں نے انہیں ملک کے مستقبل اور غریبوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے لیے مسلسل محنت کرتے دیکھا۔ ان کے مطابق مودی کے لیے اقتدار عزت و شہرت کا ذریعہ نہیں بلکہ خدمت کا عہد ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 4,399 دنوں کا یہ سفر ایک مضبوط، خوشحال، ترقی یافتہ اور خود انحصار بھارت کی تعمیر کا سنہری باب ہے۔ یہ وہ ’مودی دور‘ ہے جہاں ترقی کے ساتھ وراثت، فلاح کے ساتھ وقار، اور طاقت کے ساتھ احترام بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی دور میں غریب فلاحی منصوبوں سے کروڑوں لوگوں کی زندگیوں میں خوشی آئی، خواتین کو نئے مواقع ملے اور کسانوں کو ان کا حق ملا۔

ہاؤسنگ و شہری امور  کے مرکزی وزیر کی ایکس پوسٹ

ہاؤسنگ و شہری امور  کے مرکزی وزیرمنوہر لال نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ آج وزیراعظم نریندر مودی بھارت کے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے منتخب وزیراعظم بن گئے ہیں، جو ملک کے جمہوری سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4,399 سے زائد دنوں تک ان کی فیصلہ کن قیادت، عوامی خدمت کے لیے غیر متزلزل وابستگی اور’انتودیہ‘ کے وژن نے حکمرانی کے نظام کو بدل دیا اور لاکھوں افراد کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈالا۔

منوہر لال کے مطابق ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پریاس‘‘ کے اصول کے تحت ترقی کے ثمرات معاشرے کے آخری فرد تک پہنچے ہیں اور ہر شہری کو قوم کی تعمیر میں حصہ لینے کے لیے بااختیار بنایا گیا ہے۔ انہوں نے اس تاریخی موقع پر وزیراعظم کو دلی مبارکباد پیش کی۔

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی ’ایکس‘ پر وزیراعظم کو مبارکباد دی

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی ’ایکس‘ پر وزیراعظم مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر روز تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 4,399 دنوں پر مشتمل یہ دورِ اقتدار وزیراعظم مودی کی قیادت، وژن اور ملک کی ترقی کے لیے ان کی وابستگی پر بھارتی عوام کے مضبوط اعتماد اور یقین کی عکاسی کرتا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read