آل انڈیا کیفی اعظمی اکادمی میں شعاع فاطمہ ایجوکیشنل فلاحی ٹرسٹ کے زیراہتمام ہرسال کی طرح امسال بھی ڈاکٹر شمیم نکہت فکشن ایوارڈ تقریب منعقد کی گئی، جس کی صدارت اترپردیش کے سابق کار گزاروزیراعلی ڈاکٹرعمار رضوی نے کی جبکہ مہمان خصوصی کے طورپرمنیش شکلا (فنانس کنٹرولر، ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ، یوپی) شریک ہوئے۔ نظامت کا فریضہ پروفیسرعباس رضا نیرنے انجام دیا۔ مہمانوں کے استقبال کے بعد پروفیسرریشماں پروین نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جس میں انھوں نے فکشن ایوارڈ کے پس منظر اور اس کے اغراض پر روشنی ڈالتے ہوئے پروفیسر شارب ردولوی اورپروفیسرشمیم نکہت اوروقاررضوی کو یاد کیا۔ بعد ازاں انٹگرل یونیورسٹی کے بانی وچانسلرپروفیسرسید وسیم اخترکے بدست بارھواں ڈاکٹرشمیم نکہت اردو فکشن ایوارڈ 2026 معروف افسانہ نگاراورکرامت حسین مسلم گرلزپی جی کالج کی سابق پرنسپل ڈاکٹرصبیحہ انورکواور سید وقاررضوی صحافت ایوارڈ سینئرصحافی سنجے شرما کوپیش کیا گیا۔
واضح رہے کسی ضروری کام کے باعث اچانک باہر جانے کے سبب صحافت ایوارڈ سنجے شرما کی اہلیہ ببیتا چترویدی نے قبول کیا۔ دونوں ایوارڈ یافتگان کے سپاس نامے بالترتیب پروفیسر ریشماں پروین اور ڈاکٹر موسی رضا نے پیش کئے۔ اس موقع پر ارد وفکشن پرعالمی فکشن کے اثرات عنوان پر توسیعی خطبہ پیش کرتے ہوئے پروفیسر یعقوب یاور (سابق صدر شعبہ اردو بنارس ہندو یونیورسٹی )نے کہا کہ اردو فکشن کے منظر نامے میں عالمی فکشن کے اثرات کے تحت سب سے بنیادی ورود حقیقت نگاری کا ہوا۔ اس حقیقت نگاری کا بنیادی اور انقلابی تصور یہ تھا کہ ادب کا فرض ہے کہ وہ انسانی زندگی سے گہرا رشتہ استوار کرنے کی سعی کرے۔ اس دور کے فکشن میں معاشرہ محض پس منظر نہیں بلکہ عمومی طور پر کہانی کا ایک فعال کردار بنتا ہوا نظر آتا ہے۔
شارب ردولوی کی محبت لوگوں کے دلوں میں قائم ہے: ڈاکٹرعمّاررضوی
ڈاکٹرعماررضوی نے اپنے صدارتی خطاب میں دونوں ایوارڈ یافتگان اورافسانہ نویس انعام یافتہ طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوٸے کہا کہ اس پروگرام کوشارب ردولوی نے 10 برس پہلے اپنی اہلیہ کی یاد میں شروع کیا تھا آج وہ نہیں ہیں پھربھی پروگرام ہرسال اسی وقاراورشان کے ساتھ ہورہا ہے، اس کے لیے ٹرسٹ کے ذمہ داران قابل مبارکباد ہیں اوروہ سامعین وناظرین بھی، جن کی بھرپورموجودگی یہاں رہتی ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ شارب ردولوی کی محبت دلوں میں آج بھی قائم ہے۔ انھوں نے کہا شارب ردولوی اور شمیم نکہت کا قائم کردہ ادارہ جو انٹر کالج ہے اسے ڈگری کالج بنایا جانا چاہیے اس کے لیے اگر ہم سب خلوص دل سے کوشش کریں تو یہ کام مشکل نہیں ہے۔
شارب ردولوی جتنے بڑے دانشوراورادیب تھے اتنے ہی بڑے انسان بھی تھے: منیش شکلا
مہمان خصوصی منیش شکلا نے کہا کہ پروفیسرشارب ردولوی جتنے بڑے دانشوراورادیب تھے اتنے ہی بڑے انسان بھی تھے۔ ان کی ادبی خدمات کا دائرہ جتنا بڑا ہے انسانی اورسماجی خدمات بھی اتنی ہی وسیع ہیں۔ اپنے خطاب میں انھوں نے وقاررضوی اورشارب ردولوی کے تعلقات کا خصوصی ذکرکرتے ہوئے کہا کہ مبارکباد کے مستحق ہیں آپ سب کہ ان کے کام کوآپ نے جاری رکھا ہے۔ جلسہ میں ہروفیسرسید وسیم اختر، پروفیسرمحمد کاظم اورخان احمد فاروق نے بھی اپنے تاثرات کا اظہارکیا۔
طلبہ کے افسانہ نویسی مقابلے کے نتائج
ریسرچ اسکالرکی سطح پرپہلا انعام: صائمہ ماہی (لکھنؤ یونیورسٹی)دوسرا انعام ارسلا ابرار(خواجہ معین الدین چشتی لینگویج یونیورسٹی) جبکہ ایم اے کی سطح پر:پہلا مقام صدف نور(لکھنؤ یونیورسٹی) دوسرا مقام گلنازصدیقی، بی اے کی سطح پرپہلا انعام رضا ابرار(ممتازپی جی کالج) اورباد صبا (مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کیمپس، لکھنؤ) دوسرا انعام محمد احمد (لینگویج یونیورسٹی) اوررمشا قریشی (کرسچن کالج) کونسولیشن انعام بشریٰ خاتون، زینب رخسار، آفرین اورسمیرہ ملک کودیا گیا۔ یاسمین انجم کے اظہارِتشکر کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔ تقریب کی تفصیلی جانکاری ٹرسٹ کے سکریٹری عاصم رضا نے فراہم کی ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



