الیکشن کمیشن نے مہاراشٹرا انتخابات سے متعلق کانگریس کے اعتراضات کا دیا جواب، 3 دسمبر کو طلب کی میٹنگ
Maharashtra Assembly Election Result: الیکشن کمیشن نے مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں ووٹوں کی تعداد اور ووٹنگ فیصد سے متعلق کانگریس کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ہفتہ (30 نومبر 2024) کو کانگریس کو اپنے جواب میں کہا کہ ووٹنگ کے دوران ووٹنگ کے فیصد اور ووٹروں کی کل تعداد کے بارے میں معلومات پولنگ ایجنٹوں کو مسلسل دی جارہی تھیں، لیکن اس کے بعد بھی اگر کچھ مزید شکایات اور معلومات ہیں الیکشن کمیشن ان کو تفصیل سے سننے کے لیے تیار ہے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے خط میں کانگریس کے وفد کو 3 دسمبر کو شام 5 بجے میٹنگ کے لیے بلایا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ انتخابی نتائج کے بعد کانگریس اور شیوسینا ادھو ٹھاکرے کے گروپ نے انتخابات میں بے ضابطگیوں کا الزام لگایا تھا۔ دونوں پارٹیوں کے کچھ لیڈروں نے ای وی ایم پر سوال بھی اٹھائے تھے۔
ووٹنگ فیصد سے متعلق اعتراضات پر دیا یہ جواب
کانگریس پارٹی نے شام 5 بجے کے بعد اور 11:30 بجے تک ووٹنگ فیصد بڑھنے پر سوال اٹھاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو شکایت کی تھی۔ اس معاملے میں کمیشن نے اپنے ابتدائی جواب میں واضح طور پر کہا ہے کہ ووٹنگ کے دوران ووٹنگ فیصد سے متعلق طے شدہ طریقہ کار پر عمل کیا گیا۔ جیسے جیسے ڈیٹا آتا ہے، اسے پچھلے ڈیٹا میں شامل کر دیا جاتا ہے۔
3 دسمبر کو شام 5 بجے ہوگی میٹنگ
اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ کے حوالے سے اٹھائے گئے سوال پر بھی واضح طور پر کہا ہے کہ یہ عمل ہر پارٹی کو مدنظر رکھ کر اپنایا جاتا ہے اور ہر پارٹی اس کی جانچ پڑتال بھی کرتی ہے۔ کمیشن نے اپنے جواب میں ووٹنگ فیصد میں فرق کے حوالے سے یہ بھی واضح کیا ہے کہ کمیشن اس حوالے سے کئی بار اپنی پوزیشن واضح کر چکا ہے۔ مزید اپنے جواب میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اس سب کے بعد بھی اگر مزید کوئی شکایات اور معلومات ہیں تو الیکشن کمیشن ان کو تفصیل سے سننے کے لیے تیار ہے۔ کانگریس کا وفد 3 دسمبر کو شام 5 بجے الیکشن کمیشن آ سکتا ہے اور میٹنگ میں اپنے خیالات پیش کر سکتا ہے۔
-بھارت ایکسپریس