نئی دہلی: ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر، نئی دہلی کے اعلیٰ تعلیمی وتربیتی ادارہ جامعہ اسلامیہ سنابل، نئی دہلی میں نادی الطلبہ کی جانب سے ہونے والے پانچ روزہ قرا ت قرآن کریم، عربی، اردو، انگریزی اورہندی زبانوں میں تقریری وتحریری، نعتیہ کلام اورکوئزپر مشتمل مقابلہ جاتی سالانہ اجلاس اختتام پذیرہوگیا ہے۔ ان تمام پروگراموں میں مرحلہ ثانویہ وعالیہ ومرحلہ متوسطہ اورمعہدعثمان بن عفان لتحفیظ وتجوید القرآن الکریم، جوگابائی کے طلبہ نے مختلف مقابلوں میں پورے جوش وخروش کے ساتھ حصہ لیا، جس میں دہلی کی جامعات، یونیورسٹیزکے اساتذہ وپروفیسران اورائمہ وخطباء مساجد نے مختلف نشستوں میں حکم کے فرائض انجام دیئے، جن میں جامعہ ملیہ اسلامیہ، جواہرلال نہرو یونیورسٹی، جامعہ سید نذیرحسین محدث دہلوی، المعہدالعالی ابوالفضل انکلیوجامعہ نگر، نئی دہلی قابل ذکر ہیں۔ ان کے علاوہ مختلف میدان ہائےعمل میں مصروف سنابلی فارغین اوراخبارورسائل کے ایڈیٹران اورخود جامعہ اسلامیہ سنابل کے اساتذہ نے بڑی جگر سوزی اورمحنت سے حکم وصدارت کے فرائض انجا م دیئے۔
طلبا نے مختلف زبانوں میں دکھائے جوہر
سالانہ اجلاس کااختتامی پروگرام بعد صلاۃ مغرب سنٹرکے صدرمولانا محمدرحمانی سنابلی مدنی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ پروگرام کا آغاز عبدالرحیم محمد یعقوب ثانیہ متوسطہ کی تلاوت کلام سے ہوا۔ بعد ازاں اردو زبان میں محمد نہال محمد اشرف علی امین شعبہ صحافت نے مہمانوں کی خدمت میں خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ اس کے بعد تلاوت قرآن کا نمونہ ثناء اللہ محمد افضل نے پیش کیا۔ اردوکے دو نیزعربی، انگریزی، ہندی تقاریراورعربی، اردو مقالہ نگاری کا ایک ایک نمونہ بالترتیب امانت اللہ عبیداللہ، محمد مزمل بیگ محمد حسن بیگ، محمد طالب طفیل احمد، محمد انس راعین محمد ناصر راعین، امان اللہ عبدالحق، حفیظ الرحمن تبارک علی، عبدالبرمقبول عبدالحی نے پیش کیا۔ بعد ازاں نعتیہ کلام کا نمونہ محمد عثمان ظہیرالدین ثالثہ ثانویہ نے پیش کیا۔ اس کے بعد مارشل آرٹ کا نمونہ محمد شکیل بن عبیداللہ نے اپنے رفقاء کے ساتھ پیش کیا، اس کے بعد مشرف نادی الطلبہ جامعہ اسلامیہ سنابل مولانا عبدالبرسنابلی مدنی نے نتائج کا اعلان کیا اورمہمانان گرامی قدروذمہ داران مرکزوجامعہ اوراساتذہ کرام کے ہاتھوں تقسیم انعامات واسناد عمل میں آیا۔
طلبا اپنے اندراللہ کا خوف وڈر پیدا کریں: مولانا صلاح الدین مقبول مدنی
پھر مہمانانِ گرامی قدر نے اپنے اپنے ثأترات کا اظہارکیا۔ مولانا عزیزاحمد مدنی نے کہا کہ طلبہ نے جن نمونوں کوپیش کیا، وہ بہت ممتاز تھے۔ اس پرہم تمام طلبہ کومبارکباد پیش کرتے ہیں۔ شیخ صلاح الدین مقبول مدنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزیزطلبہ آپ اپنے اندراللہ کا خوف وڈرپیدا کریں تاکہ آپ کائنات کے سب سے بہترشخص بن سکیں، آپ انبیاء کے وارث ہیں، لہٰذا آپ منہج سلف کوہمیشہ لازم پکڑیں، اپنے اندراحیاء سنت کا جذبہ پیدا کریں۔ مرکزکے جنرل سکریٹری مولانا عبداللہ سعید سنابلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزیزطلبہ جامعہ اسلامیہ سنابل ایک ایسا قلعہ ہے، جوآپ کے ایمان کوتحفظ عطا کرتا ہے، علامہ عبدالحمید رحمانی رحمہ اللہ نے آپ کے لئے یہ قلعہ اسی لئے تیارکیا ہے تاکہ آپ دنیا کی رنگینیوں میں گرفتارہوکرمنہج سلف سے منحرف نہ ہوجائیں۔ اس کے بعد مرکزکے نائب صدرمولانا وسیم احمد سنابلی ریاضی نے مہمان خصوصی کا تعارف پیش کیا اورصدرمرکزنے ان کی خدمت میں مومنٹوپیش کیا۔
علامہ عبدالحمید رحمانی نے جامعہ سنابل قائم کرکے مدرسہ رحمانیہ کی یاد تازہ کردی: مولانا محمد ابراہیم رحمانی
واضح رہے کہ آج پروگرام کے مہمان خصوصی بقیۃ السلف مولانا محمدابراہیم رحمانی مدرس جامعہ دارالہدیٰ یوسف پور، سدھارتھ نگر، یوپی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے بہت بڑی خوشی ہے کہ اگرچہ دہلی سے مدرسہ دارالحدیث رحمانیہ کا وجود ختم ہوچکا ہے لیکن علامہ عبدالحمید رحمانی رحمہ اللہ نے یہ ادارہ قائم کرکے مدرسہ رحمانیہ کی یاد تازہ کردی۔ علامہ عبدالحمید رحمانی رحمہ اللہ نے یہ جوادارہ قائم کیا ہے، یہ بالکل مدرسہ رحمانیہ کے طرزپرہے، اس کی شاخیں چہارجانب پھیلی ہوئی ہیں، اس ادارہ اوراس کے بانی کی محبت نے اس بڑھاپے کے باوجود بھی مجھے یوسف پورسے دہلی کھینچ لائی ہے، اللہ تعالیٰ بانی مرکزکوغریق رحمت کرے۔ واضح رہے کہ مولانا محمد ابراہیم رحمانی کی عمراس وقت تقریباً 93 سال کی ہے۔
اتباع سنت کوہمیشہ لازم پکڑیں طلبا: مولانا محمد رحمانی مدنی
ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سینٹرکے صدرمولانا محمدرحمانی سنابلی مدنی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ آج کی سب سے بڑی نعمت ہمارے لئے مہمان خصوصی کی اس پروگرام میں شرکت ہے، اس کے بعد دیگرمہمانوں سے درخواست کی کہ آپ حضرات اس ادارہ میں تشریف لا کرہمارے بچوں کی رہنمائی کرتے رہیں تاکہ ہمارے طلبہ دین میں پختگی حاصل کرنے کے ساتھ دنیا وی امور میں بھی ا ن کوپختگی حاصل ہو۔ اس کے بعد فارغین سنابل کونصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کسی بھی فیلڈ میں کام کریں، لیکن آپ منہج سلف سے کبھی بھی انحراف نہ کریں، اتباع سنت کوہمیشہ لازم پکڑیں دنیا کی رنگینیوں میں پڑکراپنے ایمان اورعقیدہ کو برباد نہ کریں، اس کے بعد جامعہ اسلامیہ سنابل میں زیر تعلیم طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ عزیزبچو! نادی الطلبہ کے پلیٹ فارم سے آپ کو جوحکمت ودانائی سکھائی جاتی ہے، تقریروتحریرکے ذریعہ سے آپ کے اندر جن صلاحیتوں کوبیدارکیا جاتا ہے، اس کا مقصد یہ ہے کہ آپ دین اسلام کے تئیں اپنے اندرغیرت وحمیت کوبرقراررکھیں، اچھے انداز میں امربالمعروف ونہی عن المنکرکا فریضہ انجام دیں۔ معاشرے سے بدعات وخرافات کو مٹانے کا اپنے اندرجذبہ پیدا کریں، منہج سلف کولازم پکڑیں اورآپ امربالمعروف ونہی عن المنکرکا فریضہ انجام دیتے وقت صلح کل کے شکار نہ ہوں ورنہ آپ صراط مستقیم سے بھٹک جائیں گے اورآپ کی عاقبت بھی برباد ہوسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عزیزطلبہ آپ ہمیشہ ممتازعلمائے دین کولازم پکڑیں اورانہیں کی نگرانی میں اپنا علمی سفرجاری رکھیں، اگرآپ ایسا کریں گے توآپ صراط مستقیم سے کبھی بھی منحرف نہیں ہوں گے۔
جامعہ سنابل کے طلبا نے سائنسی پروجیکٹ تیارکئے
واضح رہے کہ سابقہ سالوں کی طرح امسال بھی طلبہ نے اپنی محنت اورلگن سے سائنسی مہارت کی بنیاد پرمختلف پروجیکٹ تیارکئے تھے، جن کوحکم صاحبان نے درجہ بندی کرکے انعامات کے لئے منتخب کیا۔ طلبہ نے انڈیا گیٹ کا ماڈل، میزائل، اٹیک کرنے والا ٹینک جو حرکت بھی کرسکتا ہے، بعض بلڈنگوں کے ماڈل وغیرہ اس میں اول درجہ اس طالب علم کوملا، جس نے ایک ایسا سافٹ ویئرتیارکیا تھا، جس کے ذریعہ جامعہ اسلامیہ سنابل کی ساری معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ جبکہ تائیکوانڈومیں بلیک بیلٹ حاصل کرنے والے 10 طلبہ کومقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے کی وجہ سے کوریا سے سرٹیفکٹ کے لئے منتخب کرکے اجلاس میں صدرمرکزکے ہاتھوں سرٹیفکٹ دلوائے گئے۔ واضح رہے کہ آج کے پروگرام کی نظامت کی ذمہ داری وکیل جامعہ اسلامیہ سنابل، ڈاکٹرارقم رئیس سنابلی مدنی نے انجام دیا اورکلمہ تشکر عمید جامعہ اسلامیہ سنابل مولانا شکیل احمد سنابلی نے پیش کیا۔
بھارت ایکسپریس۔