اداکار وجے کی ریلی میں بھگدڑ۔
کرور: تمل ناڈو کے کرور میں ہفتہ کے روز ٹی وی کے کے سربراہ اور اداکار سے سیاست دان بنے وجے کی ریلی میں بھاری بھیڑ کے باعث بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ اس حادثے میں کئی بچوں سمیت کم از کم 31 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ 58 زخمی ہیں۔ ریلی کے دوران بھیڑ قابو سے باہر ہو گئی اور کئی لوگ بے ہوش ہو کر گر پڑے۔ ایمبولینس کو موقع پر پہنچنے میں بھی کافی مشقت کرنی پڑی۔
بھگدڑ کیسے مچی؟
وجے جب جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے تبھی بھیڑ مسلسل بڑھتی گئی۔ گرمی اور دھکم پیل کے درمیان کئی کارکن اور بچے بے ہوش ہوگئے۔ صورتحال دیکھ کر وجے نے فوراً تقریر روک دی اور انتخابی بس سے پانی کی بوتلیں پھینک کر لوگوں کو راحت دینے کی کوشش کی۔ انہوں نے ایمبولینس کے لیے راستہ بنانے کی بھی اپیل کی۔
زخمیوں کا علاج جاری
بے ہوش افراد کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ریلی میں موجود لوگوں کے مطابق بھگدڑ کے بعد افراتفری مچ گئی اور کئی لوگ ایک دوسرے پر گر پڑے۔ وجے نے حالات کو سمجھتے ہوئے اپنی تقریر مختصر کر دی اور ریلی کو وقت سے پہلے ختم کر دیا۔
حرکت میں آئی ریاستی حکومت
حادثے کے بعد ریاستی حکومت حرکت میں آگئی۔ وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کر کے واقعے کو تشویشناک قرار دیا اور عام لوگوں سے ڈاکٹروں اور پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے سابق وزیر وی سینتھل بالاجی، وزیر سبرامنیم اور ضلع کلکٹر کو ہدایت دی کہ تمام زخمیوں کو فوری طبی سہولیات دی جائیں۔
وزیراعلیٰ اسٹالن کا حکم
وزیراعلیٰ اسٹالن نے تروچیراپلی ضلع کے وزیر انبل مہیش کو بھی ہنگامی بنیادوں پر مدد دینے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے اے ڈی جی پی سے بات کر کے صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے فوری کارروائی کرنے کو کہا ہے۔
سینتھل بالاجی پر نشانہ
اس ریلی میں وجے نے سابق ڈی ایم کے وزیر سینتھل بالاجی پر نشانہ سادھا۔ انہوں نے بغیر نام لیے کہا کہ کرور میں ہوائی اڈے کا وعدہ تو کیا گیا تھا، لیکن بعد میں مرکزی حکومت سے اسے بنانے کی مانگ کی گئی۔ وجے نے اسے عوام کے ساتھ دھوکہ قرار دیا۔
وجے کا بڑا بیان
سب سے بڑا بیان وجے نے تب دیا جب انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو کی سیاست میں اگلے چھ ماہ میں اقتدار کی تبدیلی ہوگی۔ یہ ریلی 2026 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے ان کی ریاست گیر مہم کا حصہ تھی۔ وجے نے واضح اشارے دیے کہ وہ آنے والے انتخابات میں بڑا کردار ادا کرنے کی تیاری میں ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

