مہاراشٹرکی سیاست میں ایک بارپھرسرگرمی دیکھنے کومل رہی ہے۔ نائب وزیراعلیٰ اجیت پوارکے طیارہ حادثے میں موت کے بعد بدلتے ہوئے سیاسی حالات سے متعلق سیاسی ہلچل تیزہوگئی ہے۔ سنیترا پواراپنے شوہرکی خالی جگہ کوبھرنے کے لئے نائب وزیراعلیٰ بننے جا رہی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی میٹنگ آج ہفتہ کے روزدوپہر2 بجے ہونی ہے اوراس کے بعد وہ شام 5 بجے حلف اٹھائیں گی۔ حالانکہ اس حلف برداری سے متعلق شرد پوارکا کہنا ہے کہ مجھے اس بات کی کوئی جانکاری نہیں ہے۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سینئرلیڈرشرد پوارنے پارٹی کے ممکنہ انضمام، سیاسی میٹنگوں اوراجیت پوارکی کے بعد پیدا ہوئے سیاسی حالات سے متعلق اپنا ردعمل ظاہرکیا ہے۔ شرد پوارنے کہا، ”جوبھی میٹنگیں ہورہی ہیں اورجوبھی فیصلے لئے جانے ہیں، وہ سبھی ممبئی میں ہورہی ہیں۔ اس پرمیں کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔“ سنیترا پوارکونائب وزیراعلیٰ بنائے جانے کے فیصلے پرشرد پوارنے کہا، ”اس فیصلے کے بارے میں مجھ سے نہیں پوچھا گیا تھا۔ مجھے اس بات کی کوئی جانکاری نہیں ہے کہ سنیترا پوارمہاراشٹرکی نائب وزیراعلیٰ کے طور پرآج حلف لے رہی ہیں، یہ فیصلہ ان کی پارٹی نے کیا ہوگا۔“ سنیترا پوارسے متعلق شرد پوارنے کہا، ”استھی وسرجن (آخری رسومات کی ادائیگی) تک سنیترا ہمارے ساتھ تھیں، لیکن انہوں نے نائب وزیراعلیٰ کے عہدے کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔“
حلف برداری سے متعلق خاندان میں ناراضگی!
ذرائع کا کہنا ہے کہ سنیترا پوارکے قانون سازپارٹی لیڈربننے اورنائب وزیراعلیٰ کے طورپرحلف لینے کی خبروں پرپوارخاندان میں بے اطمینانی ہے۔ اجیت پوارکی آخری رسومات کے فوراً بعد حلف برداری کی تقریب سے خاندان ناخوش ہے۔ خاندان کے بہت سے افراد چند دن انتظارکرنے کے حق میں ہیں۔ خاندان کے ایک گروپ کا خیال ہے کہ یہ فیصلہ اجیت پوارکے 13 روزہ سوگ کے بعد کیا جانا چاہئے تھا۔ این سی پی کے دونوں گروپوں کے ممکنہ انضمام سے متعلق شرد پوارنے واضح کردیا کہ گزشتہ چارماہ سے جینت پاٹل اوراجیت پوارکے درمیان بات چیت چل رہی تھی۔ انہوں نے کہا، ”انضمام سے متعلق قیاس آرائیاں مثبت طریقے سے آگے بڑھ رہی تھیں۔ اس کا باضابطہ اعلان بھی ہونے والا تھا۔“
4 ماہ سے ہورہی تھی بات چیت: شرد پوار
شرد پوارنے مزید کہا، ”دونوں این سی پی کے انضمام سے متعلق جینت پاٹل اوراجیت پوارکے درمیان گزشتہ 4 ماہ سے بات چیت چل رہی تھی۔ بات چیت مثبت سمت میں آگے چل رہی تھی اور 12 فروری کوباضابطہ اعلان بھی ہونے والا تھا۔“ انہوں نے کہا، ”پرفل پٹیل اورسنیل تٹکرے اپنی اپنی پارٹی کے لیڈرہیں اوریہ ان کا اختیارہے۔ اجیت پوارکی موت ریاست کے لئے بڑا جھٹکا ہے۔ این سی پی کوکیا کرنا چاہئے، یہ ان کی پارٹی کے لیڈرطے کریں گے۔ مجھے نہیں معلوم کہ چھگن بھجبل اورسنیل تٹکرے نے وزیراعلیٰ سے اس بارے میں بات چیت کی یا نہیں۔ انضمام سے متعلق مثبت بات چیت ہوئی تھی، لیکن اب تعلقات ٹوٹ گئے ہیں۔“
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



