Bharat Express DD Free Dish

’’پتھر سے کیا گولی چلتی ہے؟‘‘ سنبھل تشدد کی رپورٹ پر سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ضیاء الرحمن برق نے اٹھایا بڑا سوال

 سال 2024 کے سنبھل تشدد سے متعلق جوڈیشیل کمیشن کی رپورٹ کو سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ضیاء الرحمن برق نے خارج کردیا ہے۔ انہوں نے اسے حکومت کی ’اسکرپٹ‘ بتاتے ہوئے کہا کہ سچ اور انصاف عدالت میں سامنے آئے گا۔

نئی دہلی: اترپردیش کے سنبھل میں 2024 کے تشدد سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پرسماج وادی پارٹی (ایس پی) کے رکن پارلیمنٹ ضیاء الرحمٰن برق نے سخت ردعمل ظاہرکرتے ہوئے رپورٹ کومکمل طورپرمسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ حقائق کی بنیاد پرنہیں بلکہ پہلے سے طے شدہ “جھوٹی کہانی” کے مطابق تیارکی گئی ہے۔ اترپردیش اسمبلی میں پیش کی گئی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سنبھل میں ہونے والا تشدد پہلے سے منصوبہ بند تھا۔ رپورٹ میں ایس پی کے رکن پارلیمنٹ ضیاء الرحمٰن برق اورایس پی کے ایم ایل اے اقبال محمود کے بیٹے سہیل اقبال کے کردارکا بھی ذکرکیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سروے کے معاملے پرمسلم برادری میں غلط معلومات پھیلائی گئیں، ہلاکتوں کا سبب بننے والی گولیاں پولیس نے نہیں چلائیں اورمشتعل افراد نے پولیس کے ہتھیار چھیننے کی کوشش کی۔ پی ٹی آئی سے گفتگوکرتے ہوئے ضیاء الرحمٰن برق نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ رپورٹ پہلے سے طے شدہ اسکرپٹ کے مطابق تیارکی گئی ہے اورایس آئی ٹی نے صرف حکومت کا مؤقف پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس رپورٹ سے بالکل اتفاق نہیں کرتے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ رپورٹ نہ صرف انہیں بلکہ سنبھل کے بے قصورعوام اورپوری برادری کوبدنام کرنے کی کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرپہلے ہی ایسی رپورٹ پیش کرنی تھی توپھرسرکاری وسائل اورعوام کے ٹیکس کا پیسہ خرچ کرنے کی کیا ضرورت تھی۔

سنبھل کے بے گناہ لوگوں کو بدنام کرنے کی کوشش: رکن پارلیمنٹ

ضیاء الرحمٰن برق نے کہا کہ وہ پہلے بھی پولیس اورانتظامیہ کوچیلنج کرچکے ہیں کہ اگران کے پاس سی سی ٹی وی، ڈرون فوٹیج اوردیگرشواہد موجود ہیں توانہیں عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میڈیا کی کوریج میں واضح طورپردیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس فائرنگ کررہی تھی۔ ایس پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اگریہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عوام کی جانب سے گولیاں چلائی گئیں تواس کا کوئی ثبوت پیش کیا جائے۔ ان کے مطابق، کسی بھی فوٹیج میں مظاہرین کے ہاتھوں میں ہتھیارنظرنہیں آتے، اس لئے یہ کہنا درست نہیں کہ فائرنگ عوام نے کی۔ انہوں نے طنزیہ اندازمیں کہا کہ اگرپتھروں سے گولیاں چل سکتی ہیں تواس کا جواب ان کے پاس نہیں ہے۔

ایک دن سچائی آئے گی سامنے اورملے گا انصاف: ضیاء الرحمٰن برق

ضیاء الرحمٰن برق نے مزید کہا کہ ایک جھوٹ کو چھپانے کے لیے کئی جھوٹ بولنے پڑتے ہیں، اسی لیے مختلف بیانات دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں عدلیہ اور آئین پر مکمل اعتماد ہے اور انہیں یقین ہے کہ ایک دن سچ سامنے آئے گا اور انصاف ضرور ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس آئی ٹی عدالت نہیں ہے، وہ صرف اپنی رپورٹ پیش کر سکتی ہے، جبکہ اصل فیصلہ عدالت کرے گی اور قصورواروں کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔

بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read