اڈوانی اور جوشی سے رام مندر کی 'پران پرتشٹھا' میں شرکت نہ کرنے کی درخواست، جانیں کون کرے گا شرکت؟
Ram Mandir: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی، جو ایودھیا میں رام مندر کی تحریک میں سب سے آگے تھے، کے اگلے ماہ منعقد ہونے والی مندر کی ‘پران پرتشٹھا’ میں شرکت کا کوئی امکان نہیں ہے۔ مندر کی ٹرسٹ نے پیر کو یہ جانکاری دی۔
ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کرنے والی تنظیم شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ سابق نائب وزیر اعظم اڈوانی اور انسانی وسائل کی ترقی کے سابق وزیر جوشی صحت اور عمر سے متعلق وجوہات کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
اس پروگرام میں مدعو کیے گئے لوگوں کی تفصیلی وضاحت کرتے ہوئے چمپت رائے نے کہا، ‘دونوں (اڈوانی اور جوشی) خاندان کے بزرگ ہیں۔ ان کی عمر کو دیکھتے ہوئے ان سے نہ آنے کی درخواست کی گئی ہے جسے دونوں نے قبول کر لیا ہے۔ اڈوانی اب 96 سال کے ہیں اور جوشی اگلے ماہ 90 سال کے ہو جائیں گے۔
16 جنوری سے شروع ہوں گے پروگرام
شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے نے کہا، ’’تقریب کی تمام تیاریاں 15 جنوری تک مکمل کر لی جائیں گی۔ ‘پران پرتشٹھا’ کی پوجا 16 جنوری کو شروع ہوگی جو 22 جنوری تک جاری رہے گی۔ 22 جنوری کو پی ایم نریندر مودی تقریب میں شرکت کریں گے۔
150 سنتوں اور آچاریوں کو ملی دعوت
چمپت رائے نے کہا، “مختلف روایات سے تعلق رکھنے والے 150 بابا اور سنت اور چھ درشن روایات کے شنکراچاریہ سمیت 13 اکھاڑے اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ پروگرام میں تقریباً 4 ہزار سنتوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 2200 دیگر مہمانوں کو بھی دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں- Gyanvapi Case Verdict: گیان واپی مسجد کیس میں الہ آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ، مسلم فریق کی تمام درخواستیں مسترد
یہ مہمان کریں گے شرکت
رائے نے کہا کہ کاشی وشوناتھ، ویشنو دیوی جیسے بڑے مندروں کے سربراہان، مذہبی اور آئینی اداروں کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روحانی گرو دلائی لامہ، کیرلہ کی ماتا امرتانندمئی، یوگا گرو بابا رام دیو، اداکار رجنی کانت، امیتابھ بچن، مادھوری دکشٹ، ارون گوول، فلم ڈائریکٹر مدھور بھنڈارکر اور معروف صنعت کار مکیش امبانی، انل امبانی، مشہور مصور واسودیو کامت، اسرو کے ڈائریکٹر نیلیش دیسائی اور کئی دیگر معروف شخصیات بھی پران پرتشٹھا کی تقریب میں موجود رہیں گی۔
-بھارت ایکسپریس