Bharat Express

Lok Sabha Elections 2024: راہل گاندھی دیں گے استعفیٰ اور وائناڈ سے الیکشن لڑیں گی پرینکا گاندھی، ملیکا ارجن کھڑگے کا بڑا اعلان

راہل گاندھی لوک سبھا الیکشن 2024 میں وائناڈ اور رائے بریلی کی سیٹوں سے رکن پارلیمنٹ منتخب کئے گئے۔ حالانکہ انہیں ایک سیٹ خالی کرنی پڑتی۔ اس پراب کانگریس نے بڑا اعلان کردیا ہے۔

پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی (تصویر- @INCindia)

Lok Sabha Elections 2024: کانگریس صدرملیکا ارجن کھڑگے نے پیر (17 جون) کواعلان کیا کہ راہل گاندھی کیرلا کی وائناڈ لوک سبھا سیٹ کو چھوڑ کررائے بریلی سے ہی رکن پارلیمنٹ رہیں گے۔ اس کے ساتھ ہی ملیکا ارجن کھڑگے نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وائناڈ سے الیکشن لڑیں گی۔

واضح رہے کہ راہل گاندھی نے لوک سبھا الیکشن 2024 میں کیرلا کی وائناڈ اوراترپردیش کی رائے بریلی سیٹ سے جیت درج کی تھی۔ قانونی طورپر انہیں سیٹ چھوڑنی تھی۔ اسے لے کرہی ملیکا ارجن کھڑگے نے پیرکے روزپریس کانفرنس کی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کیرلا کی وائناڈ سیٹ سے استعفیٰ دیں گے۔

رائے بریلی سے ہی رکن پارلیمنٹ رہیں گے راہل گاندھی

ملیکا ارجن کھڑگے نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں یہ طے ہوا کہ کیرلا کی وائناڈ سیٹ پر اب پرینکا گاندھی الیکشن لڑیں گی۔ انہوں نے کہا کہ رائے بریلی سیٹ کا گاندھی فیملی کے ساتھ بہت مضبوط جڑاو ہے۔ رائے بریلی کی عوام اور پارٹی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی رائے بریلی سیٹ سے ہی رکن پارلیمنٹ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائناڈ سیٹ پر بھی راہل گاندھی کوعوام کا پیارملا ہے، لیکن قانون اس کی اجازت نہیں دیتا ہے، جس کے سبب وائناڈ سیٹ سے استعفیٰ دیں گے اور رائے بریلی سیٹ سے رکن پارلیمنٹ بنے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وائناڈ کے لوگوں کو اب راہل گاندھی کی جگہ پرینکا گاندھی کے طور پر نمائندہ ملے گا۔

وائناڈ سے الیکشن لڑنے سے متعلق کیا بولیں پرینکا گاندھی؟

اس اعلان پرپرینکا گاندھی نے کہا کہ میں وائناڈ کی نمائندگی کرنے کے لئے تیارہوں اورمیں بہت خوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں وائناڈ کے لوگوں کو راہل گاندھی کی کمی نہیں محسوس ہونے دوں گی۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ جیسا کہ بھیا (راہل گاندھی) نے کہا کہ وہ وائناڈ آتے رہیں گے اور میں بھی رائے بریلی جاتی رہوں گی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ رائے بریلی اور وائناڈ دونوں سیٹوں کے لوگوں سے میرا جذباتی رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں میں وائناڈ کا رکن پارلیمنٹ تھا۔ مجھے وہاں کی عوام نے بہت پیاردیا۔ اس کے لئے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ آسان فیصلہ نہیں تھا۔

  بھارت ایکسپریس۔