Bharat Express DD Free Dish

Padma Awards: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے مختلف شعبوں میں 65 شخصیات کو پدم اعزازات سے نوازا، تقریب میں نائب صدر جمہوریہ، وزیراعظم اور وزیرداخلہ کی شرکت

صدر جمہوریہ نے جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ شیبو سورین کو بعد از مرگ پدم بھوشن سے نوازا۔ ان کی اہلیہ روپی سورین نے ان کی جانب سے یہ اعزاز وصول کیا۔ ٹینس کے ممتاز کھلاڑی وجے امرت راج اور معروف گلوکارہ الکا یاگنک کو بھی پدم بھوشن سے سرفراز کیا گیا۔

نئی دہلی: دروپدی مرمو نے منگل کو راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ’’شہری اعزازات تقریب–دوم‘‘ کے دوران پدم اعزازات 2026 مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی 65 شخصیات کو پیش کیے۔ اس تقریب میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کو فن، ادب، تعلیم، سماجی خدمت، کھیل، طب، سائنس، صنعت اور عوامی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔ صدر جمہوریہ نے جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ شیبو سورین کو بعد از مرگ پدم بھوشن سے نوازا۔ ان کی اہلیہ روپی سورین نے ان کی جانب سے یہ اعزاز وصول کیا۔ ٹینس کے ممتاز کھلاڑی وجے امرت راج اور معروف گلوکارہ الکا یاگنک کو بھی پدم بھوشن سے سرفراز کیا گیا۔ اسی تقریب میں پی نارائنن اور جسٹس (ریٹائرڈ) کے ٹی تھامس کو ادب و تعلیم اور عوامی خدمات کے شعبے میں پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔ پدم بھوشن حاصل کرنے والی دیگر شخصیات میں ایس کے ایم میلانندن، مموٹی، ویلاپلی نٹیسن اور دتاتریودو نوری شامل ہیں۔

غیر ملکی شخصیات بھی اعزاز یافتگان میں شامل

پدم اعزازات حاصل کرنے والوں میں دو امریکی، ایک روسی اور ایک جارجیائی شہری بھی شامل ہیں، جنہیں مختلف شعبوں میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازات دیے گئے۔ اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، وزیراعظم نریندر مودی، وزیر دخلہ امت شاہ اور متعدد معزز شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں۔

پدم اعزازات کی تین اہم اقسام

شہری اعزازات کی اس دوسری تقریب میں مجموعی طور پر 65 پدم اعزازات پیش کیے گئے، جن میں دو پدم وبھوشن، سات پدم بھوشن اور 56 پدم شری شامل ہیں۔ اس سے قبل 25 مئی کو منعقدہ پہلی تقریب میں بھی 65 شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا تھا، جن میں دو پدم وبھوشن، چھ پدم بھوشن اور 57 پدم شری شامل تھے۔ پدم اعزازات ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزازات میں شمار ہوتے ہیں اور انہیں تین زمروں پدم شری، پدم بھوشن اور پدم وبھوشن میں دیا جاتا ہے۔ یہ اعزازات فن، سماجی خدمت، عوامی خدمات، سائنس و انجینئرنگ، تجارت و صنعت، طب، ادب و تعلیم، کھیل اور سول سروس سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو ہر سال یومِ جمہوریہ کے موقع پر اعلان کے بعد پیش کیے جاتے ہیں۔ پدم وبھوشن غیر معمولی اور بے مثال خدمات، پدم بھوشن اعلیٰ درجے کی نمایاں خدمات اور پدم شری کسی بھی شعبے میں قابلِ قدر خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read