Bharat Express DD Free Dish

President Murmu approves online gaming bill: صدر دروپدی مرمو نے آن لائن گیمنگ بل کو دی منظوری، جلد ہی جاری کیا جائے گا نوٹیفکیشن

حکومت تفتیش، ضبطی اور گرفتاری کے لیے مجاز افسران کو بااختیار بنانے کا ارادہ رکھتی ہے، جنھیں بغیر وارنٹ کارروائی کی اجازت بھی دی جا سکتی ہے۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعہ کے روز ’’پروموشن اینڈ ریگولیشن آف آن لائن گیمنگ بل 2025‘‘ کی منظوری دے دی، جو رواں ہفتے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور ہوا تھا۔ اس قانون کا مقصد ای-اسپورٹس اور آن لائن سوشل گیمز کو فروغ دینا ہے، جب کہ آن لائن پیسے کے کھیل، ان کی تشہیر اور مالی لین دین کو مکمل طور پر ممنوع قرار دینا ہے۔ اس بل کے تحت کسی بھی آن لائن منی گیم—چاہے وہ مہارت پر مبنی ہو یا قسمت پر—کو پیش کرنا، چلانا یا سہولت فراہم کرنا جرم ہوگا۔ تاہم ایسے کھیل کھیلنے والے عام افراد کو سزا نہیں دی جائے گی، بلکہ نشانہ صرف فراہم کنندگان، تشہیر کرنے والوں اور مالی معاونین پر ہوگا۔

وہیں ای-اسپورٹس کو ایک قانونی کھیل کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے، وزارتِ نوجوانان و کھیل ایک علیحدہ فریم ورک تشکیل دے گی تاکہ اس شعبے کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ آن لائن سوشل گیمز کو بھی حکومت کی جانب سے فروغ دیا جائے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ منی گیمز کی وجہ سے پیدا ہونے والے نشے، مالی نقصانات اور خودکشی جیسے خطرناک نتائج سے بچاؤ کے لیے ان کھیلوں پر پابندی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ ان کھیلوں کے ذریعے مبینہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت جیسے معاملات بھی سامنے آئے ہیں۔

قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں تین سال قید اورایک کروڑ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ اشتہارات دینے پر دو سال قید اور50 لاکھ روپے تک جرمانہ، جب کہ مالی لین دین پر بھی تین سال قید اورایک کروڑ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ دوبارہ خلاف ورزی پر پانچ سال قید اور دو کروڑ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ حکومت تفتیش، ضبطی اور گرفتاری کے لیے مجاز افسران کو بااختیار بنانے کا ارادہ رکھتی ہے، جنھیں بغیر وارنٹ کارروائی کی اجازت بھی دی جا سکتی ہے۔ صدر سے منظوری کے بعد وزارتِ الیکٹرانکس و آئی ٹی کے سیکرٹری ایس کرشنن نے بتایا کہ اب جلد ہی اس بل کے نفاذ کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور قواعد بھی تشکیل دیے جائیں گے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read