Bharat Express DD Free Dish

PM Modi talks with Punjab CM: وزیراعظم نریندر مودی نے پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان سے بارش اور سیلاب کی صورتحال پر کی بات چیت، ریاست کو ہرممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی

ریاستی حکومت نے امدادی کارروائیوں کے لیے متعدد ایجنسیاں متحرک کر دی ہیں۔ این ڈی آر ایف کی 20 ٹیمیں، فوج، بحریہ اور فضائیہ اور انجینئر یونٹس تعینات ہیں۔ 35 سے زائد ہیلی کاپٹرز، 114 کشتیاں اور ایک ریاستی ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں۔ بارڈر سکیورٹی فورس کی ٹیمیں بھی متاثرہ سرحدی علاقوں میں تعینات ہیں۔

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کی شام دو ملکی دورہ مکمل کرکے دہلی پہنچتے ہی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کو فون کیا اور ریاست میں بارش و سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ حکومت ہند کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ریاست کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

پنجاب شدید سیلاب کی زد میں

وزیراعظم مودی جاپان اور چین کے دورے کے بعد نئی دہلی پہنچے، جہاں چین میں انہوں نے ایس سی او سربراہ اجلاس میں شرکت کی۔ پنجاب اس وقت مسلسل بارشوں کے باعث آنے والے تباہ کن سیلاب سے دوچار ہے، جس نے ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔

متاثرہ افراد اور نقصانات کی تفصیل

پنجاب کے وزیر برائے ریونیو، ری ہیبلیٹیشن اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایس ہر دیپ سنگھ منڈیان کے مطابق 12 اضلاع میں 2.56 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں، ہزاروں بے گھر ہو گئے ہیں اور انسانی جانوں، املاک، زراعت اور مویشیوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ اب تک 15,688 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جن میں سب سے زیادہ تعداد گرداسپور (5,549)، فیروزپور (3,321)، فاضلکا (2,049)، امرتسر (1,700)، پٹھانکوٹ (1,139) اور ہوشیارپور (1,052) کی ہے۔

ریلیف کیمپ اور پناہ گزینوں کی صورتحال

ریاستی حکومت نے فوری ریلیف کے لیے 129 امدادی کیمپ قائم کیے ہیں جن میں 7,144 افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔ فیروزپور میں سب سے زیادہ 3,987 متاثرین ہیں، اس کے بعد فاضلکہ (1,201)، ہوشیارپور (478)، پٹھانکوٹ (411) اور گرداسپور (424) ہیں۔ کل 1,044 دیہات متاثر ہوئے ہیں، جن میں گرداسپور کے 321، کپور تھلہ کے 115، ہوشیارپور کے 94، امرتسر کے 88 اور پٹھانکوٹ کے 82 دیہات شامل ہیں۔

سب سے زیادہ متاثرہ علاقے اور ہلاکتیں

سب سے زیادہ متاثرہ ضلع گرداسپور ہے جہاں تقریباً 1.45 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ دیگر شدید متاثرہ اضلاع میں امرتسر (35,000)، فیروزپور (24,015) اور فاضلکا (21,562) شامل ہیں۔ یکم اگست سے یکم ستمبر تک ریاست میں 29 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ پٹھانکوٹ میں سب سے زیادہ 6 اموات ہوئیں، جبکہ امرتسر، برنالہ، ہوشیارپور، لدھیانہ اور مانسا میں 3-3 اموات رپورٹ ہوئیں۔ دیگر اضلاع میں بٹھنڈہ (1)، گرداسپور (1)، پٹیالہ (1)، روپ نگر (3)، ایس اے ایس نگر (1) اور سنگرور (1) اموات ہوئیں۔ پٹھانکوٹ میں تین افراد لاپتہ ہیں۔

ریسکیو اور ریلیف آپریشن

ریاستی حکومت نے امدادی کارروائیوں کے لیے متعدد ایجنسیاں متحرک کر دی ہیں۔ این ڈی آر ایف کی 20 ٹیمیں، فوج، بحریہ اور فضائیہ کے 10 کالم (جن میں 8 اسٹینڈ بائی) اور انجینئر یونٹس تعینات ہیں۔ 35 سے زائد ہیلی کاپٹرز، 114 کشتیاں اور ایک ریاستی ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں۔ بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی ٹیمیں بھی متاثرہ سرحدی علاقوں میں تعینات ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read