نئی دہلی :وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ریڈیو پروگرام ‘من کی بات’ کے 132ویں ایپی سوڈ میں ملک کے مچھیروں کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے بتایا کہ بندرگاہوں کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مچھیروں کی زندگی آسان ہو رہی ہے اور ماہی پروری کے شعبے میں نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے کہا، “ہمارے مچھیرا بھائی اور بہنیں صرف سمندر کے سپاہی نہیں ہیں ،بلکہ وہ خود کفیل بھارت کی مضبوط بنیاد بھی ہیں۔ وہ صبح ہونے سے پہلے سمندر کی لہروں کا مقابلہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایسے محنت کش مچھیروں کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں، چاہے بندرگاہوں کی ترقی ہو یا بیمہ کی سہولت، یہ سب ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہے ہیں۔”
وزیر اعظم مودی نے مزید کہا کہ سمندر میں ان کی سرگرمیاں موسم سے بہت متاثر ہوتی ہیں، اس لیے ٹیکنالوجی کے ذریعے بھی ان کی مدد کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان اقدامات سے ماہی پروری کا شعبہ ترقی کر رہا ہے اور نئے تجربات کے مواقع بھی بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ماہی پروری اور سمندری کائی (سی ویڈ) کے شعبے میں نئے تجربات ہو رہے ہیں اور مچھیرا برادری خود کفیل بن رہی ہے۔
خواتین مچھیروں کی کامیابی کی کہانیاں بھی شیئر کیں
وزیراعظم مودی نے اڈیشہ کے سنبَل پور کی سجاتا بھویان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک گھریلو خاتون تھیں، لیکن انہوں نے کچھ نیا کرنے کا فیصلہ کیا اور ہیراکنڈ ذخیرہ آب میں مچھلی پالنا شروع کیا۔ ابتدائی مشکلات کے باوجود چند سال میں انہوں نے اپنے کام کو کامیاب کاروبار میں بدل دیا، اور آج وہ دیگر خواتین کے لیے مثال بن چکی ہیں۔اسی طرح وزیراعظم مودی نے لکشدیپ کے منی کوئے کی حوّا گلزار کا ذکر کیا، جنہوں نے فش پروسیسنگ یونٹ سے آغاز کیا اور بعد میں کولڈ اسٹوریج یونٹ قائم کیا۔ آج وہ بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ اپنا کاروبار چلا رہی ہیں۔وزیراعظم مودی نے بیلگاوی کے شیولنگ ستپا ہُددار کی بھی مثال دی، جنہوں نے روایتی کھیتی سے ہٹ کر تالاب میں مچھلی پالنے کا کام شروع کیا اور اب اچھی آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ ملک میں اس طرح کی کئی کوششیں جاری ہیں، جو حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے ماہی پروری سے وابستہ تمام افراد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




