Urdu Conclave 2026

PM Modi Meets Wang Yi: چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے وزیر اعظم مودی سے کی ملاقات، پی ایم مودی کو دی ایس سی او اجلاس میں شرکت کی دعوت

وزیر اعظم نے سرحد پر امن و سکون کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات کو دہرایا کہ بھارت منصفانہ، معقول اور باہمی طور پر قابل قبول سرحدی حل کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی، جس میں بھارت اور چین کے دو طرفہ تعلقات، سرحدی امور اور مستقبل کے سفارتی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وانگ یی نے اس ملاقات میں صدر شی جن پنگ کا خصوصی پیغام اور دعوت نامہ وزیر اعظم مودی کو پہنچایا، جس میں انھیں آئندہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ یہ اجلاس چین کے شہر تیانجن میں منعقد ہوگا۔

وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں تیانجن میں SCO اجلاس کے دوران ہماری اگلی ملاقات کا منتظر ہوں۔‘‘ پی ایم مودی نے دعوت پر صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چین کی صدارت کے لیے مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مضبوط، متوقع اور تعمیری بھارت-چین تعلقات نہ صرف خطے بلکہ دنیا میں امن و خوش حالی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔‘‘

وزیر اعظم نے سرحد پر امن و سکون کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات کو دہرایا کہ بھارت منصفانہ، معقول اور باہمی طور پر قابل قبول سرحدی حل کے لیے پرعزم ہے۔ پی ایم مودی نے پچھلے سال کازان میں صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد دو طرفہ تعلقات میں بہتری کا خیرمقدم کیا اور کیلاش مانسرور یاترا کی بحالی کو ایک مثبت قدم قرار دیا۔ اس ملاقات کے دوران وانگ یی نے بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال کے ساتھ ہونے والی بات چیت پر بھی مثبت تبصرہ کیا۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read