نئی دہلی : من کی بات کے 129ویں ایپی سوڈ میں وزیر اعظم نریندر مودی نے سال 2025 کو بھارت کے لیے فخر اور خود اعتمادی سے بھرپور سال قرار دیتے ہوئے ملک کی بڑی کامیابیوں کا تفصیلی ذکر کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اس سال آپریشن سندور ہر بھارتی کے لیے فخر کی علامت بن کر سامنے آیا اور دنیا نے واضح طور پر دیکھ لیا کہ آج کا بھارت اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران دنیا کے کونے کونے سے بھارت ماتا کے لیے محبت اور عقیدت کے مناظر دیکھنے کو ملے، جیسا جذبہ وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے پر بھی نظر آیا۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ 2025 نے ایسے کئی لمحات دیے جن پر ہر بھارتی کو ناز ہے۔ قومی سلامتی سے لے کر کھیل کے میدان تک، سائنسی تجربہ گاہوں سے لے کر عالمی پلیٹ فارمز تک، بھارت نے ہر شعبے میں اپنی مضبوط موجودگی درج کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ سائنس اور خلائی تحقیق کے میدان میں بھارت نے بڑی کامیابی حاصل کی، جہاں شبھانشو شکلا انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پہنچنے والے پہلے بھارتی بنے۔ ساتھ ہی ماحولیات کے تحفظ اور جنگلی حیات کے فروغ سے جڑی کئی نئی پہلیں بھی شروع ہوئیں، جن کے نتیجے میں بھارت میں چیتوں کی تعداد اب 30 سے زائد ہو چکی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے مذہبی اور ثقافتی وراثت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2025 میں عقیدہ، ثقافت اور بھارت کی قدیم تہذیب ایک ساتھ جلوہ گر ہوئیں۔ سال کے آغاز میں پریاگ راج میں منعقد ہونے والے مہا کمبھ نے پوری دنیا کو حیران کر دیا، جب کہ سال کے اختتام پر ایودھیا میں رام مندر میں پرچم لہرانے کی تقریب نے ہر بھارتی کو فخر سے بھر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال لوگوں نے دیسی مصنوعات کے لیے بھی زبردست جوش دکھایا اور بھارتی محنت سے بنے سامان کو ترجیح دی، جس سے ملک کو مزید خود اعتمادی ملی۔من کی بات میں وزیر اعظم مودی نے دبئی میں رہنے والے کنڑ خاندانوں کی ایک مثال بھی پیش کی، جنہوں نے اس بات پر غور کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں آگے بڑھتے ہوئے کہیں ان کے بچے اپنی مادری زبان سے دور تو نہیں ہو رہے۔ اسی سوچ سے ’کنڑ پاٹھ شالے‘ کی شروعات ہوئی، جہاں بچوں کو کنڑ زبان پڑھنے، لکھنے اور بولنے کی تعلیم دی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کوشش اب صرف ایک کلاس نہیں بلکہ ایک ثقافتی مرکز بن چکی ہے، جہاں موسیقی، لوک روایات اور کلاسیکی فنون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے اسمارٹ انڈیا ہیکاتھون 2025 کا بھی ذکر کیا، جس میں طلبہ نے 80 سے زائد سرکاری محکموں کے 270 سے زیادہ مسائل کے حل پر کام کیا۔ انہوں نے منی پور کے نوجوان موئرانگتھم سیٹھ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود انہوں نے اپنے علاقے میں بجلی کے مسئلے کا مقامی حل تلاش کیا اور شمسی توانائی کے ذریعے تبدیلی ممکن بنائی۔اختتام پر وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ جنوری 2026 میں اڈیشہ کی پاروتی گری کی یومِ پیدائش کی صد سالہ تقریبات منائی جائیں گی۔ انہوں نے کم عمری میں بھارت چھوڑو تحریک‘ میں حصہ لیا اور آزادی کے بعد اپنی زندگی سماجی خدمت اور قبائلی فلاح کے لیے وقف کر دی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ پاروتی گری جیسی شخصیات کی زندگی آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ بنی رہے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
