نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز ہماچل پردیش کے یوم تاسیس کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کی اور اس کی شاندار روایات، ثقافتی ورثے اور عوام کی سادگی و محنت کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہماچل پردیش دیوتاؤں کی سرزمین ہے، جس کی شناخت اس کی قدیم روایات، منفرد ثقافت اور یہاں کے لوگوں کی فرض شناسی، سادگی اور محنت سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام اپنی اخلاقی اقدار اور خلوص کے سبب ملک بھر میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ریاست کے تمام خاندانوں کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ ہماچل پردیش ترقی کی راہ پر مسلسل آگے بڑھے گا۔
समस्त हिमाचलवासियों को हिमाचल दिवस की हार्दिक शुभकामनाएं। यह पावन देवभूमि अपनी समृद्ध परंपराओं, अनुपम सांस्कृतिक धरोहर और यहां के लोगों की कर्मठता, कर्तव्यनिष्ठा और विनम्रता के कारण विशेष पहचान रखती है। इस पुनीत अवसर पर मैं प्रदेश के सभी परिवारजनों के उज्ज्वल भविष्य की कामना करता…
— Narendra Modi (@narendramodi) April 15, 2026
یومِ تاسیس کی تاریخی اہمیت
واضح رہے کہ ہماچل پردیش کا یوم تاسیس ہر سال 15 اپریل کو منایا جاتا ہے۔ اسی دن 1948 میں اس ریاست کا قیام عمل میں آیا تھا۔ بعد ازاں 18 دسمبر 1970 کو پارلیمنٹ نے ہماچل پردیش ایکٹ منظور کیا، جس کے تحت 25 جنوری 1971 کو اسے مکمل ریاست کا درجہ دیا گیا اور یہ بھارت کی اٹھارہویں ریاست بنی۔ یہ دن ریاست میں سرکاری تعطیل کے طور پر منایا جاتا ہے اور مختلف تقاریب کے ذریعے اس کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم کا دورۂ کرناٹک
دریں اثنا وزیراعظم نریندر مودی آج کرناٹک کے دورے پر بھی جا رہے ہیں، جہاں وہ ضلع منڈیا میں واقع سری آدی چُنچناگیری میں سری گرو بھیروا ایکیہ مندر کا افتتاح کریں گے اور اس موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے ساتھ مل کر ’’سندریہ لہری اور شیوا مہیمنا ستوترم‘‘ کے عنوان سے ایک کتاب کا اجرا بھی کریں گے۔
روحانی اور ثقافتی ورثے کا فروغ
سری گرو بھیراویکیہ مندر ایک ایسی یادگار ہے جو سری شیترا آدی چُنچناگیری مہاسنستھان مٹھ کے 71ویں جانشیں، سری سری ڈاکٹر بال گنگادھر ناتھ مہاسوامی جی کی یاد میں وقف ہے۔ روایتی دراوڑی طرزِ تعمیر میں تیار کردہ یہ مندر آنجہانی مذہبی پیشوا کی زندگی اور ان کی میراث کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔ اس مندر کو نہ صرف عقیدت کے مقام بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ اور باعث تحریک خیال کیا جاتاہے۔ وزیراعظم کے اس دورے اور پیغامات کو ملک کی ثقافتی ہم آہنگی، روحانی ورثے اور علاقائی ترقی کے فروغ کی ایک اہم کڑی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


