وزیرِاعظم نریندر مودی۔
نئی دہلی: مہاراشٹر کے ضلع ناگپور میں اتوار کی صبح کٹول تحصیل کے راؤل گاؤں میں واقع ایس بی ایل انرجی نامی دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والی فیکٹری میں ہونے والے خوفناک دھماکے میں 17 مزدور ہلاک جبکہ 18 افراد زخمی ہو گئے۔ اس افسوسناک واقعے پر وزیرِاعظم نریندر مودی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
وزیرِاعظم مودی نے کہا کہ مہاراشٹر کے ناگپور میں فیکٹری میں ہونے والا دھماکہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے مہلوک افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی انتظامیہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔ وزیرِاعظم قومی ریلیف فنڈ (PMNRF) سے ہر مہلوک کے اہلِ خانہ کو 2 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔
مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہ نتن گڈکری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ناگپور ضلع کے کٹول تحصیل کے راؤل گاؤں میں واقع ایس بی ایل انرجی ایمونیشن کمپنی میں ہونے والا بڑا دھماکہ نہایت افسوسناک اور بدقسمتی کا واقعہ ہے۔ انہوں نے مہلوک مزدوروں کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
وہیں مہاراشٹر کے وزیرِاعلیٰ دیویندر فڑنویس نے بھی اس واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسلسل مقامی انتظامیہ کے رابطے میں ہیں اور ضلع کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ پی ای ایس او (پیٹرولیم و دھماکہ خیز حفاظتی تنظیم) اور صنعتی تحفظ و صحت کے محکمے کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں۔
وزیرِاعلیٰ نے مزید بتایا کہ اب تک 17 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 18 زخمیوں کو فوری طور پر ناگپور منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مہلوک افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ اس حادثے کی مکمل تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور امدادی کام تیزی سے جاری ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



