وزیر اعظم نریندر مودی نے آج تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن سے ریاست کے کچھ حصوں میں سیلاب کی صورتحال کے بارے میں دریافت کرنے کے لئے فون پر بات کی اور انہیں مرکز کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پی ایم مودی نے سیلاب کی صورتحال کے بارے میں وزیراعلیٰ اسٹالن کو فون کیا اور صورتحال پر اپ ڈیٹ لینے کے ساتھ انہیں مرکز سے بھرپور تعاون کی ہرممکن یقین دہانی کرائی ۔
واضح رہے کہ شمالی تمل ناڈو کا ولوپورم ضلع پیر کو انتہائی شدید بارش کے بعد خطرناک سیلاب کی زد میں ہے، جس سے دیہاتوں اور رہائشی کالونیوں تک رسائی تقریباً مسدود ہو گئی کیونکہ پل اور سڑکیں زیر آب آ گئیں ہیں اور کھڑی فصلوں کا بڑا رقبہ زیر آب آ گیا ہے۔اسی دوران ترووناملائی لینڈ سلائڈنگ کا ایک خطرناک واقعہ پیش آیا جس میں سات لوگوں کی موت ہوگئی اور ایک ہی گھر سے پانچ لاشیں برآمد ہوئیں۔
یاد رہے کہ یہ طوفان فینگل نے ریاست میں تباہی مچانے کے بعد تقریباً 1.5 کروڑ لوگوں کو اب تک متاثر کیاہے۔ذرائع کے مطابق جب پی ایم مودی سی ایم اسٹالن سے فون پر بات کررہے تھے ،اسی دوران سی ایم اسٹالن نے پی ایم مودی پر زور دیا کہ وہ راحت اور بحالی کے کاموں کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ (این ڈی آر ایف) سے 2,000 کروڑ روپے جاری کریں تاکہ اس مشکل وقت کا سامنا کیا جاسکے۔ حالانکہ پی ایم مودی کی طرف سے اس پر کیا جواب دیا گیا ،یہ ابھی تک واضح نہیں ہے۔
بھارت ایکسپریس۔