نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو ان چار بھارتی طلبہ کو مبارک باد دی، جنہوں نے ازبکستان کے تاشقند میں 10 سے 19 جولائی 2026 تک منعقدہ 58ویں بین الاقوامی کیمسٹری اولمپیاڈ (IChO) میں طلائی تمغے جیت کر تاریخ رقم کی۔ وزیراعظم نے اس کامیابی کو اس باوقار عالمی پلیٹ فارم پر بھارت کی اب تک کی بہترین کارکردگی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان سائنس دانوں کی یہ کامیابی بے شمار دیگر طلبہ کو سائنس کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔ وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا: ’’بھارت کی یوا شکتی عالمی سطح پر مسلسل اپنی شناخت بنا رہی ہے! 58ویں بین الاقوامی کیمسٹری اولمپیاڈ میں طلائی تمغے جیتنے والی ہماری ٹیم کے دیب دتہ پریہ درشی، ہرشت سنگھل، کبیر چھلر اور سندیپ کوچی کو مبارک باد۔ یہ اس باوقار پلیٹ فارم پر بھارت کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ان طلبہ کی قابلیت، لگن اور سائنس کے تئیں جذبے نے پورے ملک کو فخر کا موقع فراہم کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی کامیابی بے شمار نوجوان ذہنوں کو کیمسٹری کا مطالعہ کرنے اور اس شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے حوصلہ دے گی۔
India’s Yuva Shakti continues to make a mark globally!
Congratulations to our team of Debadatta Priyadarshi, Harshit Singhal, Kabeer Chhillar and Sandeep Kuchi for winning Gold Medals at the 58th International Chemistry Olympiad. This was India’s best performance at this… pic.twitter.com/aTbQP4z1cT
— Narendra Modi (@narendramodi) July 19, 2026
93 ممالک کے 363 طلبہ نے لیا حصہ
بین الاقوامی کیمسٹری اولمپیاڈ دنیا بھر کے ثانوی اسکولوں کے طلبہ کے لیے منعقد ہونے والا سب سے بڑا سالانہ مقابلہ سمجھا جاتا ہے۔ اس کا آغاز 1968 میں ہوا تھا اور اس میں دنیا بھر سے ذہین نوجوان کیمسٹری کے نظریاتی اور عملی امتحانات میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اس سال کے مقابلے میں 93 ممالک کے 363 طلبہ نے شرکت کی، جو اب تک کا سب سے بڑا IChO تھا۔ ممالک کی مجموعی تمغہ فہرست میں بھارت نے چین، ویتنام اور انفرادی شرکا گروپ بی (روس) کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ بھارت کی یہ IChO میں 27ویں شرکت تھی اور پہلی بار ملک کے تمام چاروں شرکا نے طلائی تمغے جیتے ہیں۔
بائیولوجی اولمپیاڈ میں بھی بھارتی طلبہ کا شاندار مظاہرہ
وزیر اعظم مودی نے 37ویں بین الاقوامی بایولوجی اولمپیاڈ میں کامیاب بھارتی طلبہ کو بھی مبارک باد دی۔ لیتھوانیا کے ولنیئس میں 12 سے 19 جولائی تک منعقدہ اس مقابلے میں بھارت کے چاروں طلبہ نے تمغے حاصل کیے، جن میں ایک طلائی تمغہ بھی شامل ہے۔ وزیراعظم نے طلبا کی کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مالیکیولر بایولوجی، بایوکیمسٹری، اینیمل فزیالوجی، اینیمل مورفولوجی اینڈ سسٹمیٹکس اور پلانٹ کمپیوٹیشنل بایولوجی جیسے شعبوں میں اپنی غیر معمولی معلومات کا مظاہرہ کیا ہے۔
فزکس اولمپیاڈ میں بھی بھارت نے حاصل کیا تھا عالمی اعزاز
اس سے قبل بھارت نے کولمبیا کے بوکارامانگا میں منعقدہ 56ویں بین الاقوامی فزکس اولمپیاڈ (IPhO) 2026 میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ بھارتی ٹیم کے تمام پانچ ارکان نے طلائی تمغے جیتے تھے اور بھارت نے مشترکہ طور پر عالمی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ بھارت نے چین، قازقستان، روس، جنوبی کوریا اور تائیوان کے ساتھ مشترکہ طور پر سرفہرست مقام حاصل کیا تھا۔ اس مقابلے میں 87 ممالک کے 381 طلبہ نے شرکت کی تھی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
