اوم پرکاش راج بھر اور شیو پال یادو
لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے شیو پال سنگھ یادو نے منگل کے روز دعویٰ کیا کہ مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اپوزیشن کو ختم کرنا چاہتی ہے لیکن اپوزیشن جماعتیں پوری طرح متحد ہیں اورآئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی انہیں روک نہیں پائے گی۔ یادو نے یہاں ایک ٹی وی چینل سے بات چیت میں بی جے پی پر اپوزیشن کو ختم کرنے کی کوشش کا الزام لگاتے ہوئے کہا، ”ان کا یہی کام ہے کہ اپوزیشن ختم ہو جائے، لیکن سبھی اپوزیشن پارٹیاں متحد ہوکر 2024 کا الیکشن لڑیں گی اور مضبوطی کے ساتھ لڑیں گی۔ پھر وہ (بی جے پی) اپوزیشن کو نہیں روک پائے گی۔”
‘سماج وادی پارٹی زیادہ مضبوطی کے ساتھ لڑے گی الیکشن’
سماج وادی پارٹی میں خود کو مطلوبہ جگہ نہ ملنے کے بی جے پی کے دعووں پر یادو نے کہا کہ دیکھیے ہم ایک ہیں۔ مکمل طور پر سماجوادی ہیں۔ ہم لوگوں نے تو نیتا جی (ایس پی بانی ملائم سنگھ یادو) سے لے کر اب تک جتنے بھی سماجوادی لیڈر رہے ہیں، سب کے ساتھ کام کیا ہے، لیکن یہ سب باتیں کسی نہ کسی حکمت عملی کا حصہ ہوتی ہیں۔ سب کو تھوڑی بتایا جاتا ہے۔ جیسے ہی الیکشن آئے گھا سب کو پتہ چل جائے گا۔ سماج وادی پارٹی زیادہ مضبوطی کے ساتھ الیکشن لڑے گی اور بی جے پی کو ہرائے گی۔
‘ان کے ایم ایل اے تلاش کرنے سے بھی نہیں ملیں گے’
سماج وادی پارٹی میں جلد ہی تقسیم ہونے کے بی جے پی کے دعوؤں کے بارے میں شیو پال یادو نے کہا، ” بی جے پی کے چھوٹے سے لے کر بڑے لیڈر تک ہمارے رابطے میں رہے لیکن ہم لوگ تو سماج وادی ہیں اور یہ ہمیں ہلا نہیں پائے۔ 2017 سے اب تک نہ ہلا سکے۔ ہم اور اکھلیش پھر بیٹھ جائیں گے، انہیں پتہ چل جائے گا، پھر ان کے ایم ایل اے تلاش کرنے سے بھی نہیں ملیں گے۔
‘راج بھر ہمیشہ بی جے پی کے رابطے میں رہے ہیں’
سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اوم پرکاش راج بھر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایس پی کے کئی ایم ایل اے ان کے رابطے میں ہیں۔ اس بارے میں پوچھے جانے پر شیو پال نے کہا، ’’ہم انہیں اچھی طرح جانتے ہیں۔ وہ ہمیشہ بی جے پی کے رابطے میں رہے ہیں۔ وہ کبھی بی جے پی سے الگ تھے ہی نہیں۔ وہ ہمیشہ بولتے ہی رہتے ہیں اور پھر جب انتخابات آتے ہیں تو ان کی دکان پھر سے شروع ہو جاتی ہے۔ یادو نے دعویٰ کیا کہ راج بھر کے اسمبلی حلقہ ظہور آباد کا وہ صرف ایک بار دورہ کریں گے اور راج بھر کو اگلا الیکشن لڑنے کے لیے ایک نیا اسمبلی حلقہ تلاش کرنا پڑ جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پرفل پٹیل کا بڑا دعویٰ- این سی پی کے 51 اراکین اسمبلی بی جے پی کے ساتھ مل کر بنانا چاہتے تھے حکومت
‘شرد پوار کبھی خوفزدہ نہیں ہوئے’
مہاراشٹر میں تقسیم کا سامنا کر رہی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے بانی شرد پوار کے تعلق سے یادو نے کہا، “حالات جیسے بھی ہوں وہ کبھی خوفزدہ نہیں ہوئے۔ کبھی پریشر میں نہیں آئے، اب جب بھی انتخابات آئیں گے شرد پوار بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔ ان کی پارٹی میں جو کچھ بھی ہوا اس سے انہیں ہی فائدہ ہوگا۔” یونیفارم سول کوڈ کے متعلق شروع ہوئی نئی پیش رفت کے بارے میں پوچھے جانے پر ایس پی لیڈر نے کہا، “جب بھی انتخابات آتے ہیں، بی جے پی کے لوگ اسی طرح سے پولرائزیشن کی بات کرنے لگتے ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔