Bharat Express DD Free Dish

LPG Cylinder Delivery System: ایل پی جی سلنڈر کی ڈیلیوری بنی عوام کے لیے مصیبت، دیہی علاقوں میں نیٹ ورک غائب، DAC سسٹم پر سوالات

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے صدر جے پرکاش تیواری کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس نظام کی وجہ سے متعدد عملی دشواریاں سامنے آ رہی ہیں۔ ان کے مطابق ہر صارف کے پاس موبائل فون موجود نہیں ہوتا،

نئی دہلی : گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی ڈیلیوری کے لیے نافذ کیے گئے نئے ڈیجیٹل نظام نے صارفین اور ڈسٹری بیوٹرز دونوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ معاملہ اب بمبئی ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ تک پہنچ گیا ہے، جہاں عدالت نے مرکزی حکومت اور تیل کمپنیوں سے آف لائن بکنگ سہولت جاری رکھنے کے مطالبے پر جواب طلب کیا ہے۔یہ معاملہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن (بھارت) کی جانب سے دائر کی گئی عرضی کے بعد سامنے آیا۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ او ٹی پی پر مبنی نیا ڈیلیوری سسٹم زمینی سطح پر کئی عملی مسائل پیدا کر رہا ہے، خاص طور پر دیہی علاقوں میں جہاں موبائل نیٹ ورک اور ڈیجیٹل سہولتیں محدود ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہےکہ  تیل کمپنیوں نے گھریلو گیس سلنڈر کی ڈیلیوری کے لیے “ڈیلیوری آتھنٹیکیشن کوڈ” یعنی DAC سسٹم نافذ کیا ہے۔ اس نظام کے تحت جب گیس سلنڈر صارف تک پہنچتا ہے تو اس کے موبائل نمبر پر ایک او ٹی پی بھیجا جاتا ہے، جس کی تصدیق کے بعد ہی ڈیلیوری مکمل مانی جاتی ہے۔عرضی کے مطابق ابتدا میں یہ سسٹم صرف 50 فیصد ڈیلیوری پر نافذ تھا، جسے بعد میں بڑھا کر 95 فیصد کر دیا گیا۔ اس کے بعد 4 اپریل 2026 کو واٹس ایپ کے ذریعے ایک پیغام بھیج کر اسے 100 فیصد لازمی قرار دے دیا گیا۔ ساتھ ہی ڈسٹری بیوٹرز کو خبردار کیا گیا کہ اگر بغیر تصدیق کے سلنڈر کی ڈیلیوری کی گئی تو ان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے صدر جے پرکاش تیواری کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس نظام کی وجہ سے متعدد عملی دشواریاں سامنے آ رہی ہیں۔ ان کے مطابق ہر صارف کے پاس موبائل فون موجود نہیں ہوتا، جبکہ کئی لوگ او ٹی پی سسٹم کو سمجھنے سے قاصر رہتے ہیں۔ دیہی علاقوں میں موبائل نیٹ ورک کی شدید کمی کے باعث اکثر او ٹی پی وقت پر موصول نہیں ہوتا، جس سے گیس سلنڈر کی ڈیلیوری رک جاتی ہے یا تاخیر کا شکار ہو جاتی ہے۔عرضی میں یہ بھی کہا گیا کہ تکنیکی خرابیوں، سرور ڈاؤن ہونے اور ویب سائٹ میں رکاوٹ کے باعث بکنگ اور ڈیلیوری کا پورا نظام متاثر ہو رہا ہے۔ ایسوسی ایشن نے 8 سے 17 مارچ کے درمیان پیش آنے والی تکنیکی خرابیوں کو “بلیک آؤٹ مدت” قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق اس دوران آن لائن ریکارڈ اور اصل اسٹاک میں فرق پایا گیا، جبکہ کئی علاقوں میں سپلائی کا نظام متاثر ہوا۔

اس معاملے پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس انیل کلور اور جسٹس راج واکوڈے کی بنچ نے مرکزی حکومت اور تیل کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ تین ہفتوں کے اندراس درخواست پر فیصلہ کریں۔یاد رہے کہ درخواست گزاروں نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیجیٹل تصدیقی نظام برقرار رکھا جائے، لیکن اس کے ساتھ آف لائن بکنگ کی سہولت بھی ختم نہ کی جائے تاکہ ضرورت پڑنے پر صارفین براہِ راست ایجنسی سے گیس سلنڈر حاصل کر سکیں۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read