Bharat Express

Mohan Charan Majhi will be the new CM of Odisha: اوڈیشہ کے نئے وزیراعلیٰ ہوں گے موہن ماجھی، بی جے پی کی میٹنگ میں ہوا نئے نام کا اعلان

بی جے پی نے اسمبلی الیکشن میں اوڈیشہ میں شاندار جیت درج کی ہے۔ ریاست کے اگلے وزیراعلیٰ موہن مانجھی کو اراکین اسمبلی کا لیڈر منتخب کرلیا گیا ہے۔ اب وہ وزیراعلیٰ عہدے کا حلف لیں گے۔

اوڈیشہ میں موہن مانجھی وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔

اوڈیشہ کا اگلا وزیراعلیٰ کون ہوگا؟ یہ سوال سبھی کے ذہن میں چل رہا تھا۔ لیکن اب اس پر بریک لگ گیا ہے اور موہن چرن ماجھی اوڈیشہ کے نئے وزیراعلیٰ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ کا نام فائنل کرنے کے لئے بی جے پی کے اراکین اسمبلی کی میٹنگ ہوئی۔ اس میں موہن ماجھی کے نام پر مہرلگ گئی۔ اوڈیشہ میں ایک وزیراعلیٰ اور دو نائب وزرائے اعلیٰ کا فارمولہ طے کیا گیا ہے۔ نائب وزرائے میں ایک خاتون ہیں۔ پاروتی فریدا اور کے وی سنگھ دیو ریاست کے نائب وزرائے اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔

کون ہیں موہن ماجھی

موہن چرن ماجھی دلت سماج سے آتے ہیں اور بی جے پی نے انہیں وزیراعلیٰ بناتے ہوئے اس سماج میں اپنی پکڑمضبوط کرنے کی طرف بھی قدم اٹھایا ہے۔ ماجھی اوڈیشہ کی کیونجھر سیٹ سے اسمبلی الیکشن جیتے ہیں اور یہ سیٹ درج فہرست ذات کے لئے ایک مخصوص سیٹ ہے۔ اس سیٹ سے انہوں نے بیجو جنتا دل کی نینا ماجھی کو 11 ہزار577 ووٹوں سے شکست دی۔ 52 سالہ موہن ماجھی چارباراسمبلی انتخابات جیت چکے ہیں۔

بی جے پی ہائی کمان نے ریاست کا وزیراعلیٰ منتخب کرنے کے لئے مرکزی وزیر راجناتھ سنگھ اور بھوپیندریادو کو آبزرور بنایا گیا تھا۔ بی جے پی نے اسمبلی الیکشن میں ریاست میں شاندار جیت درج کی ہے۔ تقریباً 24 سال سے قابض بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کو اقتدار سے بے دخل کیا ہے۔ ریاست میں بی جے پی کی زبردست جیت کے بعد قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ بی جے پی اوڈیشہ کے وزیراعلیٰ کے لئے دھرمیندر پردھان کے نام پر غوروخوض کرسکتی ہے، لیکن سمبل پورسیٹ سے رکن پارلیمنٹ دھرمیندر پردھان مودی حکومت کی تیسری مدت کارمیں وزیر بنائے گئے ہیں۔ اس لئے وزیراعلیٰ عہدے کی دوڑ سے وہ باہر ہوگئے تھے۔ میٹنگ میں سریش پجاری کے نام پر بھی غوروخوض ہوا۔ اس کے علاوہ اوڈیشہ کے بی جے پی صدر منموہن سامل کے نام پر بھی غوروخوض ہوا۔

1,916 ووٹوں سے ہار گئے تھے ریاستی صدر

ریاستی صدر منموہن سامل چاند بلی سیٹ پرمحض 1,916 ووٹوں سے اسمبلی الیکشن ہارے ہیں، لیکن وزیراعلیٰ عہدے کے لئے ان کے نام کی بحث مسلسل ہو رہی تھی۔ اتنا ہی نہیں، جموں وکشمیر کے سابق لیفٹیننٹ گورنر گریش مرمو بھی اس دوڑ میں شامل تھے۔ وہ وزیراعظم مودی کے قریبی مانے جاتے ہیں۔ جب نریندر مودی گجرات کے وزیراعلیٰ تھے تب گریش مرمو ان کے پرنسپل سکریٹری تھے۔

Also Read