اترپردیش کے رام پورمیں واقع محمد علی جوہریونیورسٹی ایک بارپھرخبروں میں ہے۔ رام پورڈیولپمنٹ اتھارٹی (آرڈی اے) نے یونیورسٹی کی 38 عمارتوں کوغیرقانونی قراردیتے ہوئے انہیں منہدم کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ عمارتیں منظورشدہ نقشے کے بغیرتعمیرکی گئی ہیں، اس لئے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی زیروٹالرنس پالیسی کے تحت ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
رام پورکے ضلع مجسٹریٹ اجے کماردویدی نے بتایا کہ جوہریونیورسٹی کوپہلے نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس کے جواب میں انتظامیہ نے تحریری وضاحت بھی پیش کی۔ بعد ازاں تفصیلی سماعت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی کی مجموعی 40 عمارتوں میں سے صرف دوعمارتوں کے نقشے منظورشدہ ہیں، جبکہ باقی 38 عمارتیں بغیرمنظوری کے تعمیرکی گئی ہیں۔ اسی بنیاد پرانہیں غیرقانونی قراردیتے ہوئے انہدام کا حکم صادرکیا گیا۔
یونیورسٹی میں 40 میں سے 38 عمارتیں بغیرنقشے کے: ڈی ایم
ضلع مجسٹریٹ نے مزید کہا کہ جس علاقے میں جوہریونیورسٹی واقع ہے، وہ سال 2024 کے بعد رام پورڈیولپمنٹ اتھارٹی کے دائرۂ اختیارمیں آیا۔ اس سے پہلے یہ علاقہ ضلع پنچایت کے ماتحت تھا۔ ان کے مطابق، پورے کیمپس میں صرف دوعمارتوں کے نقشے ضلع پنچایت سے منظورکرائے گئے تھے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کوقانونی ضوابط کا علم تھا، لیکن اس کے باوجود باقی 38 عمارتوں کی منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ اجے کماردویدی کے مطابق، 2024 میں آرڈی اے کے دائرۂ اختیارمیں آنے کے بعد بھی یونیورسٹی انتظامیہ نے ان عمارتوں کے نقشوں کی منظوری حاصل کرنے کی کوئی کارروائی نہیں کی۔ انتظامیہ نے یونیورسٹی کو15 دنوں کی مہلت دی ہے تاکہ وہ خود غیرقانونی تعمیرات کومنہدم کردے۔ اگرمقررہ مدت میں ایسا نہیں کیا گیا تورام پورڈیولپمنٹ اتھارٹی (آرڈی اے) خود بلڈوزرچلا کرکارروائی کرے گی۔
250 ایکڑسے زائد رقبے پرپھیلا ہوا ہے کیمپس
قابل ذکرہے کہ محمد علی جوہریونیورسٹی سماجوادی پارٹی کے سینئرلیڈراعظم خان کی سرپرستی میں قائم کی گئی تھی اوروہ اس کے چانسلرہیں۔ اعظم خان اس وقت جیل میں بند ہیں۔ یہ یونیورسٹی پہلے بھی مختلف قانونی اورانتظامی تنازعات کی وجہ سے خبروں میں بنی ہوئی ہے۔ سال 2006 میں قائم ہونے والی جوہریونیورسٹی رام پورریلوے اسٹیشن سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پرواقع ہے۔ یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے مطابق، اس کا کیمپس 250 ایکڑسے زائد رقبے پرپھیلا ہوا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




