ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سینٹر کے صدر مولانا محمد رحمانی مدنی۔ (فائل فوٹو)
عیدالاضحیٰ کا تہوارامت مسلمہ کے لئے انتہائی اہم ہے۔ قربانی دین اسلام کی اہم ترین عبادت ہے۔ اس ماہ مبارک میں لاکھوں مسلمان اس فریضہ کو انجام دیتے ہیں اورابراہیم علیہ السلام کی سنت پرعمل کرتے ہوئے لاکھوں جانوراللہ کی رضا کی خاطر ذبح کئے جاتے ہیں۔ اس موقع پرعلمائے کرام نے امت مسلمہ سے خصوصی اپیل کی ہے۔ اسی ضمن میں مرکزابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سینٹر کے صدر اور معروف عالم دین مولانا محمد رحمانی مدنی سنابلی نے بھی امت مسلمہ سے عیدالاضحیٰ سے متعلق خاص اپیل ہے۔
جامعہ اسلامیہ سنابل، نئی دہلی کے سربراہ مولانا محمد رحمانی نے مسلمانوں کے نام جاری ایک پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ امت مسلمہ لئے تمام عید الاضحی ایک پاکیزہ اورمبارک تہوار ہے، اس کا سب سے بڑا پیغام توحید باری تعالی کے تقاضوں پرعمل اوراتباع رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔ قربانی کا عمل محض اللہ کی رضامندی کے لئے انجام دیا جانا چاہئے اور اس کے ذریعہ ہر قسم کی برائی کے خلاف کھڑے ہونے اوراچھائیوں کو اپنانے کے لئے ایثارکا جذبہ پیدا کرنا ایک بنیادی مقصد ہے۔
مرکزابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سینٹر کے سربراہ مولانا محمد رحمانی نے مزید کہا کہ ایثار کے اس جذبہ اوراللہ کی رضامندی کے اس پاکیزہ مقصد کے حصول کے لئے اگرہم شہرت طلبی کا شکار ہوجائیں یا اس پاکیزہ مقصد کے حصول کے لئے اخلاص کے حصول کے بجائے دوسری اقوام کے جذبات کا خیال نہ رکھنے یا اس کی انجام دہی میں گندگی پھیلانے کا شکار ہوکراسلام کی صفائی ستھرائی سے متعلق بنیادی تعلیمات کو نظر اندازکر دیں تو یقینا یہ نہ صرف ہماری بدنامی کا ذریعہ ہوگا، بلکہ ہماری وجہ سے ہمارا پیارا مذہب اسلام بھی بدنام ہوگا۔ اللہ ہمیں ان امور پرغور وتدبرکرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
بھارت ایکسپریس۔