سپریم کورٹ اور چیف جسٹس آف انڈیا پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے کے متنازعہ تبصرہ پر سیاسی گلیارے میں ہنگامہ مچا ہوا ہے۔ اس متنازعہ بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے بھی بی جے پی پر جم کر حملہ بولا ہے۔
مہوا موئترا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اتوار کو دوبے کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے لکھا، ’’یاد رکھیے، پٹ بُل اپنے مالک کے اشارہ کے بغیر کچھ نہیں کرتا۔ پورا ملک دیکھ رہا ہے کہ عدلیہ پر بی جے پی کے ذریعہ کیسے پروکسی حملے کی جا رہے ہیں۔ بنچ کو ڈرانے کی بے شرم کوشش۔ ہندوستان سب سے نچلے دور میں ہے جب جاہل غنڈوں کے ذریعہ حکمرانی کی جا رہی ہے۔‘‘
Remember – a pitbull does nothing without its master’s command. Glad entire country is watching @BJP4India proxy attacks on judiciary. Brazen attempt to browbeat bench. India’s lowest hour to be ruled by ignorant bullies.
— Mahua Moitra (@MahuaMoitra) April 20, 2025
واضح رہے کہ بی جے پی ایم پی نشی کانت دوبے نے اپنے متنازعہ بیان میں کہا تھا کہ اگر ہر چیز کے لیے سپریم کورٹ جانا ہے تو پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیاں بند کر دینی چاہئیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ پر ’مذہبی جنگ‘ بھڑکانے کا الزام لگاتے ہوئے اسے ملک کو انارکی کی طرف لے جانے کی سازش قرار دیا تھا۔
اس بیان پر تنازعہ بڑھتے ہی بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے نشی کانت دوبے کے تبصرہ سے خود کو الگ کرلیا تھا۔ انہوں ںے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا بی جے پی کے اراکین پارلیمنٹ نشی کانت دوبے اور دنیش شرما کے عدلیہ اور ملک کے چیف جسٹس کے بارے میں دیے گئے بیانات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ یہ ان کا ذاتی بیان ہے۔ بی جے پی نہ تو اس طرح کے بیانات سے متفق ہے اور نہ ہی اس طرح کے بیانات کی حمایت کرتی ہے۔ بی جے پی ان بیانات کو یکسر مسترد کرتی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے اور اس کے احکامات اور تجاویز کو بخوشی قبول کیا ہے۔ کیونکہ بحیثیت فریق ہم سمجھتے ہیں کہ سپریم کورٹ سمیت ملک کی تمام عدالتیں ہماری جمہوریت کا اٹوٹ حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ یہ آئین کے تحفظ کا ایک مضبوط ستون ہے۔
ادھر بی جے پی رہنماؤں کے تبصروں پر اپوزیشن جماعتوں نے یکجا ہوکر اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ کانگریس نے اسے عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش بتایا وہیں اے آئی ایم آئی ایم سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا کہ یہ آئینی ڈھانچے پر حملہ ہے۔ وہیں ڈی ایم کے، جے ایم ایم اور دیگر پارٹیوں نے بھی نشی کانت دوبے کے بیان کی شدید مذمت کی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



