مہاراشٹر کی سیاست میں جس لمحے کا گزشتہ دو دہائیوں سے انتظار تھا، آخرکار وہ گھڑی آ ہی گئی۔ براہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (BMC) انتخابات 2026 سے عین پہلے دو بھائی ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے پرانی تلخیوں کو بھلا کر ایک ہو گئے ہیں۔ بدھ کے روز شیوتیرتھ (شیواجی پارک) میں ایک تاریخی پریس کانفرنس کے دوران دونوں لیڈروں نے شیوسینا (یو بی ٹی) اور مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے اتحاد کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ اتحاد کے اعلان کے وقت اسٹیج پر صرف بال ٹھاکرے کی تصویر رکھی گئی تھی—نہ ادھو کی اور نہ ہی راج کی۔ اس سے واضح پیغام دیا گیا کہ یہ اتحاد محض اور محض بالاصاحب ٹھاکرے کی نظریاتی وراثت کو بچانے کے لیے ہے۔ بال ٹھاکرے کی میراث کے تحفظ کے لیے یہ ’مہامِلن‘ شیوسینکوں کے لیے ایک جذباتی لمحہ بھی بن گیا۔
’آج کا دن مبارک ہے‘
ادھو ٹھاکرے نے کہا، ’’ہم ساتھ رہنے کے لیے ساتھ آئے ہیں۔ مہاراشٹر کی قیادت ٹھاکرے خاندان کے پاس رہی ہے اور آئندہ بھی ٹھاکرے ہی کریں گے۔‘‘ راج ٹھاکرے نے بھی پُرجوش انداز میں کہا کہ مہاراشٹر کسی بھی اختلاف سے بڑا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا، ’’ہم کہتے ہیں کہ ممبئی کا میئر مراٹھی ہوگا اور ہمارا ہوگا۔‘‘ ادھر سنجے راؤت نے اس دن کو ’مبارک‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ راج اور ادھو مراٹھی مانوس کے لیے ’منگل کلش‘ لے کر آئے ہیں۔
29 سالہ اقتدار بچانے کی جنگ
بی ایم سی پر گزشتہ 29 برس سے شیوسینا کی بلا شرکتِ غیرے حکمرانی رہی ہے، لیکن 2024 کے اسمبلی انتخابات میں بھاری شکست اور پارٹی میں تقسیم کے بعد ادھو ٹھاکرے کی پوزیشن کمزور پڑ گئی تھی۔ دوسری جانب راج ٹھاکرے کی ایم این ایس بھی اپنا عوامی اثر کھوتی جا رہی تھی۔ اب دونوں بھائیوں کے لیے یہ وجود کی لڑائی بن چکی ہے۔ 15 جنوری کو ہونے والے بی ایم سی انتخابات میں 227 وارڈز پر قبضہ حاصل کرنا ہی ان کا واحد ہدف ہے۔
سیٹ بٹوارہ اور کانگریس کا زاویہ
فی الحال سیٹوں کی تقسیم (سیٹ شیئرنگ) سے متعلق کوئی باقاعدہ فارمولہ سامنے نہیں آیا ہے۔ سنجے راؤت نے کہا کہ بھائیوں کے درمیان کوئی کاروبار نہیں ہوتا، یہ خاندان ہے، ہم خود دیکھ لیں گے۔ تاہم، ادھو ٹھاکرے دھڑے نے اشاروں میں کانگریس اور شرد پوار کو بھی ساتھ آنے کی دعوت دی ہے، تاکہ بی جے پی کے خلاف ایک مضبوط محاذ کھڑا کیا جا سکے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



