ایکناتھ شندے نائب وزیراعلیٰ بننے کے لئے راضی ہوگئے ہیں۔
شیوسینا لیڈر اور مہاراشٹرکے کارگزاروزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نائب وزیراعلیٰ بننے کے لئے راضی ہوگئے ہیں۔ اس طرح سے اب وہ دیویندر فڑنویس حکومت میں شامل ہوں گے۔ شیوسینا لیڈرادے سامنت نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ وہیں ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق، شیوسینا پارٹی کے لیڈران پارٹی کا خط لے کرراج بھون جائیں گے اورایکناتھ شندے کے کابینہ میں شامل ہونے کا رسمی خط سونپیں گے۔ آپ کوبتادیں کہ شام ساڑھے 5:30 بجے ممبئی کے آزاد میدان میں آج دیویندر فڑنویس وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے جبکہ نائب وزیراعلیٰ کے طور پر ایکناتھ شندے اوراجیت پواربھی حلف لیں گے۔ ایک دن پہلے ہی بی جے پی، شیوسینا اوراین سی پی کے لیڈران نے گورنرسے ملاقات کرکے حکومت بنانے کا خط سونپا تھا۔
اس سے پہلے خبرآئی تھی کہ ایکناتھ شندے نائب وزیراعلیٰ بننے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ جبکہ شیوسینا لیڈران کی خواہش تھی کہ ایکناتھ شندے نائب وزیراعلیٰ بنیں۔ انہوں نے شندے کومنانے کی کافی کوشش کی۔ اپنے لیڈر کو منانے کے لئے ادے سامنت، سنجے شرساٹ، سنجے گائیکواڈ، بھارت گوگاؤلے، دیپک کیسرکران کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔ اس وقت ادے سامنت نے کہا کہ گزارش ہے کہ ایکناتھ شندے نائب وزیراعلیٰ عہدے کا حلف لیں۔ ہمارے 59 اراکین اسمبلی میں سے کوئی بھی نائب وزیراعلیٰ کے لئے خواہشمند نہیں ہے۔ اگر ایکناتھ شندے نائب وزیراعلیٰ کا عہدہ قبول نہیں کرتے ہیں تو ہم کابینہ میں جگہ نہیں قبول کریں گے۔ وہیں، ایکناتھ شندے کے نائب وزیراعلیٰ عہدے سے متعلق ایک گھنٹے کے اندرفیصلہ ہوجائے گا۔ شیوسینا لیڈرسنجے شرساٹ نے کہا کہ راج بھون سے لوٹنے کے بعد ہم سبھی اراکین اسمبلی کل ایکناتھ شندے سے ملنے گئے تھے۔ ہم نے ان سے گزارش کی ہے کہ آپ حکومت میں شامل ہوں۔ حکومت میں کئی اہم فیصلے ہوتے ہیں، جن میں آپ کا شامل ہونا ضروری ہے۔