وائی ایس شرمیلا اپنی پارٹی وائی ایس آرتلنگانہ پارٹی کے کانگریس میں انضمام پر راضی ہوگئی ہیں۔
Lok Sabha Election 2024: تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں جیت حاصل کرنے کے بعد کانگریس کو ایک اوربڑی کامیابی ملتی ہوئی نظرآرہی ہے۔ یہاں وائی ایس آرشرمیلا اپنی پارٹی وائی ایس آرتلنگانہ پارٹی کا کانگریس میں انضمام کرنے کے لئے پوری طرح سے تیارہیں۔ رپورٹ کے مطابق، وہ باضابطہ طورپراس ہفتے کے آخرتک دہلی میں کانگریس میں شامل ہوں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وائی ایس شرمیلا کوراجیہ سبھا، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اورآندھرا پردیش کے ریاستی صدر کی پیشکش کی گئی تھی۔ شرمیلا کانگریس کے آفرپر رضا مند ہوگئی ہیں۔ واضح رہے کہ اس سال آندھرا پردیش میں اسمبلی انتخابات بھی ہونے ہیں۔ ایسے میں پارٹی شرمیلا کو بڑی ذمہ داری دے کر پارٹی کو پھرسے کھڑا کرنے کی تیاری میں ہے۔
کانگریس اعلیٰ کمان سے ہوئی ملاقات
وائی ایس شرمیلا نے ان قیاس آرائیوں کے درمیان حال ہی میں جمعرات کو قومی دارالحکومت میں اے آئی سی سی کے سرکردہ رہنماؤں سونیا گاندھی اورراہل گاندھی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد اب صرف حتمی اعلان ہونا باقی ہے۔ وائی ایس شرمیلا کے کانگریس سے قریب ہونے کے بارے میں قیاس آرائیاں اس وقت سے گردش کررہی تھیں، جب انہوں نے مئی میں بنگلورو میں کرناٹک کے نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار سے پڑوسی ریاست میں پارٹی کی جیت پرمبارکباد دینے کے لیے ملاقات کی تھی۔
اسمبلی الیکشن میں بھی دی تھی حمایت
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں تلنگانہ میں ہوئے اسمبلی الیکشن کے دوران آخری وقت پروائی ایس شرمیلا نے کانگریس کو اپنی حمایت دی تھی۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے کسی بھی امیدوار کو الیکشن میں اتارنے سے انکار کردیا تھا۔ شرمیلا نے تب کہا تھا کہ تمام سروے اورزمینی حقیقت سے پتہ چلتا ہے کہ ریاست میں کانگریس الیکشن جیت رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں اگر ان کی پارٹی میدان میں اترتی ہے تو کانگریس کے ووٹ تقسیم ہوں گے اوراس کا فائدہ بی آرایس کو ملے گا۔ اس لئے انہوں نے اپنی حمایت کو کانگریس کو دی تھی۔ اس کے بعد سے ہی قیاس آرائی تھی کہ وائیس ایس شرمیلا کو کانگریس اس کے عوض کچھ بڑا انعام دے سکتی ہے۔ اب انہوں نے لوک سبھا الیکشن سے پہلے اپنی پارٹی کا انضمام کانگریس میں کرنے کا اعلان کرکے ہرکسی کو حیران کردیا ہے۔
کون ہیں وائی ایس شرمیلا؟
وائی ایس شرمیلا آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ وائی ایس جگن کی بہن ہیں اور متحدہ آندھرا پردیش کے کانگریسی وزیراعلیٰ آنجہانی وائی ایس آر کی بیٹی بھی ہیں۔ سال 2012 متحدہ آندھرا پردیش میں اچانک جگن موہن ریڈی نے کانگریس چھوڑ کروائی ایس آرسی پی کی تشکیل کی۔ ان کے ساتھ 18 اراکین اسمبلی بھی کانگریس سے الگ ہوگئے۔ اس کے کچھ دن بعد جگن موہن ریڈی بدعنوانی میں جیل بھیجے گئے۔ تب ان کی ماں وائی ایس وجیما اوربہن وائی ایس شرمیلا نے نئی پارٹی کو سنبھالا۔ وائی ایس آرسی پی نے الیکشن میں جیت درج کی۔ بعد میں جگن موہن ریڈی وزیراعلیٰ بنے اور یہاں سے دونوں بھائی بہن میں بھی اختلاف ہوا اور پھریہ اختلاف بڑھتا چلا گیا۔ سال 2021 میں وائی ایس شرمیلا نے میڈیا کے سامنے یہ اعتراف کیا کہ ان کے بھائی کے ساتھ ان کے سیاسی اختلافات ہیں۔ جولائی 2021 میں ہی انہوں نے وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی تشکیل کی۔
-بھارت ایکسپریس