آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی۔ (فائل فوٹو)
کشن گنج (بہار): آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (AIMIM) کے سربراہ اسدالدین اویسی نے اتوار کو بہار کے کشن گنج ضلع کے کوچادھامن حلقے سے راشٹریہ جنتا دل کے امیدوار مجاہد عالم کو ٹکٹ دیے جانے پر تیجسوی یادو کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ اویسی نے الزام لگایا کہ آر جے ڈی کے امیدوار نے مسلمانوں سے متعلق اہم معاملات پر کبھی آواز نہیں اٹھائی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے کہا، ’’تیجسوی سن لو! نہ کوچادھامن نے اظہاراصفی کو چھوڑا، نہ اویسی کو۔ تیجسوی نے ایسے شخص کو ٹکٹ دیا ہے جس نے تین طلاق، سی اے اے، بلڈوزر کارروائیوں، فرضی انکاؤنٹروں اور ملک بھر میں مساجد پر ہونے والے حملوں پر کبھی زبان نہیں کھولی۔ کوچادھامن مجلس کا تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔‘‘
کوچادھامن میں سخت مقابلہ، چار امیدوار میدان میں
کوچادھامن سے موجودہ ایم ایل اے اظہاراصفی مجلس کے امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں۔ ان کے مقابلے میں مہاگٹھ بندھن کے امیدوار مجاہد عالم، بی جے پی کی بینا دیوی اور جن سراج کے ابو عفان فاروقی میدان میں ہیں۔ سابق ایم ایل اے مجاہد عالم ان درخواست گزاروں میں شامل تھے جنہوں نے بہار میں انتخابی فہرست کی خصوصی نظر ثانی (SIR) کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف انڈیا کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ دیگر درخواست گزاروں میں آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ منوج جھا، ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (ADR)، پی یو سی ایل، کارکن یوگیندر یادو اور ترنمول ایم پی مہوا موئترا شامل تھیں۔ کوچادھامن میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 11 نومبر کو ووٹنگ ہوگی، جبکہ پہلا مرحلہ 6 نومبر کو ہوگا اور نتائج 14 نومبر کو جاری کیے جائیں گے۔
’’مسلمان نائب وزیراعلیٰ کیوں نہیں بن سکتا؟‘‘
اس سے قبل 30 اکتوبر کو اویسی نے مہاگٹھ بندھن سے سوال کیا تھا کہ بہار میں مسلمان امیدوار کو نائب وزیراعلیٰ کے طور پر پیش کیوں نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا ’’اگر ملاح برادری کا بیٹا نائب وزیراعلیٰ بن سکتا ہے تو مسلمان کا بیٹا وزیراعلیٰ یا وزیراعظم کیوں نہیں بن سکتا؟ انہوں نے مزید کہا ’’تیجسوی یادو کے ساتھ وی آئی پی پارٹی کے مکیش بھائی نے کہا کہ ملاح برادری تیجسوی کے ساتھ ہے اور اگر وہ اقتدار میں آئے تو نائب وزیراعلیٰ بنیں گے۔ ملاح برادری بہار کی 3 فیصد آبادی ہے لیکن 17 فیصد مسلم آبادی کیا صرف دری بچھانے کے لیے ہے؟‘‘
مہاگٹھ بندھن کے چہرے
مہاگٹھ بندھن نے تیجسوی یادو کو وزیراعلیٰ اور وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے سربراہ مکیش سہا نی کو نائب وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے اپنا چہرہ قرار دیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




