Bharat Express

Karnataka Sex Scandal Video Case: کرناٹک فحش ویڈیو معاملے میں ایس آئی ٹی کی بڑی کارروائی، جے ڈی ایس ایم پر پرجول ریونّا کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس

کرناٹک حکومت کے ذریعہ تشکیل کی گئی ایس آئی ٹی نے جے ڈی ایس رکن پارلیمنٹ پرجول ریونّا کو خواتین کے ساتھ جنسی استحصال معاملے میں نوٹس بھی بھیجا تھا۔

Karantaka Hassan Scandal: جے ڈی ایس رکن پارلیمنٹ پرجول ریونّا کے خلاف اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کا شکنجہ مسلسل کستا جا رہا ہے۔ ذرائع نے جمعرات (2 مئی) کو بتایا کہ ہاسن سیکس اسکینڈل کی جانچ کر رہی ایس آئی ٹی نے پرجول ریونّا کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری کیا ہے۔ ایس آئی ٹی کی طرف سے یہ کارروائی تب کی گئی ہے، جب پرجول ریونّا اوراس کے رکن اسمبلی والد ایچ ڈی ریونّا منگل (30 اپریل) کو جاری نوٹس پر پیش نہیں ہوئے۔

دراصل، کرناٹک ریاستی خواتین کمیشن کی سفارش پر وزیراعلیٰ سدارمیا نے جنسی استحصال کی جانچ کے لئے ایس آئی ٹی کی تشکیل کی ہے۔ نیوز 18 کی رپورٹ کے مطابق، پرجول ریونّا نے ایس آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے لئے 7 دنوں کا وقت مانگا تھا، جس سے انکار کردیا گیا۔ اس کے بعد ہی لُک آؤٹ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس جاری ہونے کے بعد جیسے ہی جے ڈی ایس رکن پارلیمنٹ ہندوستان میں انٹری یا ایمیگریشن پوائنٹس پررپورٹ کرتا ہے، ویسے ہی اسے حراست میں لے لیا جائے گا۔

پرجول ریونّا نے خود پر لگے الزامات سے کیا انکار

وہیں، کئی خواتین کے ساتھ مبینہ جنسی استحصال کی جانچ کا سامنا کر رہے پرجول ریونّا نے خود کو پاک صاف بتایا ہے۔ جے ڈی ایس رکن پارلیمنٹ نے اپنے اوپر لگے سبھی الزامات سے انکار کیا ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ریونّا نے کہا کہ سچائی جلد ہی سب کے سامنے ہوگی۔ 26 اپریل کو ہاسن میں الیکشن ختم ہوتے ہی جے ڈی ایس لیڈر ملک چھوڑ کر بھاگ نکلا۔ ریونّا سے متعلق تقریباً 3000 قابل اعتراض ویڈیو سامنے آئے ہیں، جس میں وہ خواتین کے ساتھ جنسی استحصال کر رہا ہے۔

کیسے سامنے آئی پرجول ریونّا کی کالی کرتوت؟

دراصل، پرجول ریونّا کے گھرکام کرنے والی ایک خاتون نے اپنے ساتھ ہوئے جنسی استحصال کی شکایت پولیس سے کی۔ اس کے بعد پولیس نے جے ڈی ایس رکن پارلیمنٹ پر آئی سی پی کے سیکشن 354 اے (جنسی استحصال)، 354 ڈی (پیچھا کرنا)، 506 (دھمکی) اور 509 (خواتین کی عزت کی توہین) کے تحت معاملہ درج کیا۔ اس کے بعد ریونّا سے متعلق ویڈیو بھی وائرل ہونے لگے۔ بتایا گیا کہ ریونّا نے ایک دو نہیں، بلکہ کئی خواتین کے ساتھ جنسی استحصال کیا ہے۔

جلد ہی اس معاملے میں سیاست بھی شروع ہوگئی ہے۔ کانگریس لیڈران نے جے ڈی ایس کے ساتھ ساتھ بی جے پی کو بھی نشانے پرلیا۔ لوک سبھا الیکشن کے لئے بی جے پی اور جے ڈی ایس نے کرناٹک میں الائنس کیا ہوا تھا۔ پرجول ریونّا سے متعلق ویڈیو وائرل ہونے پرخواتین کمیشن نے وزیراعلیٰ سدارمیا کو خط لکھا اوران سے ایس آئی ٹی تشکیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ وہیں کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کے ایڈیشنل پولیس ڈائریکٹر (اے ڈی جی) بی کے سنگھ کی قیادت میں ایس آئی ٹی اب اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

 بھارت ایکسپریس۔

Also Read