Bharat Express

Karnataka Police summons JP Nadda & Amit Malviya: جے پی نڈا اور امت مالویہ کے خلاف ایکشن میں کرناٹک پولیس، نوٹس جاری کرکے ایک ہفتے میں کیا طلب

رپورٹ کے مطابق، 4 مئی کو کرناٹک بی جے پی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک اینیمیٹڈ ویڈیو پوسٹ کیا تھا، جس میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو ریزرویشن تنازعہ پر پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

کرناٹک پولیس نےبھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا اوربی جے پی  آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ کو مبینہ طور پر بی جے پی کرناٹک کی جانب سے ایس سی/ایس ٹی کمیونٹی کے خلاف پوسٹ کیے گئے ٹویٹ کے سلسلے میں طلب کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کو 7 دنوں کے اندر بنگلورو کے ہائی گراؤنڈ پولیس اسٹیشن میں حاضر ہونے کو کہا گیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ رمیش بابو نامی شخص 5 مئی 2024 کو ہائی گراؤنڈ پولیس اسٹیشن آیا اور بی جے پی کے کرناٹک ایکس ہینڈل پر پوسٹ کردہ ایک ویڈیو کے حوالے سے شکایت درج کرائی۔

نوٹس میں کہا گیا کہ اس شخص نے الزام لگایا کہ ویڈیو کا مقصد ایس سی/ایس ٹی کمیونٹی کے خلاف نفرت اور بغض پیدا کرنا تھا۔ اس سلسلے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔ بی جے پی کے صدر جے پی نڈا اور پارٹی آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ کو نوٹس ملنے کے سات دنوں کے اندر صبح 11 بجے ہائی گراؤنڈ پولیس اسٹیشن میں تفتیشی افسر کے سامنے حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔الیکشن کمیشن آف انڈیا نے منگل (7 مئی) کو ایکس پلیٹ فارم کے نوڈل افسر کو ایک خط لکھا تھا، جس میں اسے بی جے پی کرناٹک سے قابل اعتراض سوشل میڈیا پوسٹوں کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کی تھی۔ نوڈل افسر کو دیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کرناٹک بی جے پی کا پوسٹ موجودہ قانونی ڈھانچے کی خلاف ورزی ہے۔

اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق، 4 مئی کو کرناٹک بی جے پی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک اینیمیٹڈ ویڈیو پوسٹ کیا تھا، جس میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو ریزرویشن تنازعہ پر پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ اس کے بعد کانگریس پارٹی نے 5 مئی کو الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی اور الزام لگایا کہ کرناٹک بی جے پی فسادات بھڑکانا چاہتی ہے۔اب اس معاملے میں پولیس نے کاروائی تیز کردی ہے اور ایک ہفتے میں دونوں رہنماوں کو پولیس اسٹیشن پہنچ کر سوالوں کا جواب دینے کی ہدایت کی ہے۔ دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ جے پی نڈا اور مالویہ تھانے میں پیش ہوتے ہیں یا نہیں۔

بھارت ایکسپریس۔