امروہہ سے رکن پارلیمنٹ دانش علی کے خلاف متنازعہ تبصرہ کرنے والے رمیش بدھوڑی کا بی جے پی نے ٹکٹ کاٹ دیا ہے۔
BJP MP Ramesh Bidhuri Video: بی جے پی کے قومی صدرجے پی نڈا نے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی کوغیرپارلیمانی اورنازیبا الفاظ کے استعمال پر جمعہ کے روز (22 ستمبر) کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا۔ رمیش بدھوڑی کو 15 دن میں نوٹس کا جواب دینا ہوگا۔ نوٹس میں رمیش بدھوڑی سے پوچھا گیا ہے کہ کیوں ان کے خلاف غیرپارلیمانی الفاظ کے استعمال کے لئے کارروائی نہ کی جائے۔
اس سے قبل بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) رکن پارلیمنٹ کنوردانش علی نے پارلیمنٹ میں ان کے خلاف کئے گئے غیرپارلیمانی، متنازعہ اورانتہائی نازیبا الفاظ سے متعلق رمیش بدھوڑی کے خلاف لوک سبھا اسپیکراوم برلا کو خط لکھ کرکارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے لوک سبھا اسپیکرسے اس معاملے کو پریویلیج کمیٹی کو بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔
BJP issues show cause notice to party MP Ramesh Bidhuri on instruction of party president JP Nadda for his use of unparliamentary language against BSP MP Danish Ali: Sources pic.twitter.com/bT5JDhclCB
— ANI (@ANI) September 22, 2023
دانش علی خط میں کیا لکھا؟
یوپی کے امروہہ سے بی ایس پی رکن پارلیمنٹ دانش علی نے لوک سبھا اسپیکراوم برلا کوخط لکھ کرمعاملے کو خصوصی استحقاق کمیٹی (پریویلیج کمیٹی) کے پاس بھیجنے کی گزارش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ رمیش بدھوڑی کے خلاف ضابطہ 222, 226 اور 227 کے تحت نوٹس دینا چاہتے ہیں۔
خط میں کیا لکھا گیا ہے؟
دانش علی نے خط میں کہا کہ میں آپ کو (لوک سبھا اسپیکر) کو یہ بات گہرے درد کے ساتھ لکھ رہا ہوں۔ میرے خلاف چندریان-3 کی کامیابی پر بحث کے دوران تبصرہ کیا گیا۔ نئے پارلیمنٹ میں ہوا یہ حادثہ دل توڑنے والا ہے۔ وہ اقلیتی طبقے سے آنے والے ایک منتخب عوامی نمائندہ ہیں۔
دانش علی نے کیا کہا؟
کنوردانش علی نے کہا کہ وہ رمیش بدھوڑی کے خلاف ضابطہ 222, 266 اور 227 کے تحت نوٹس دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ ضابطہ 227 کے تحت اس معاملے کو خصوصی استحقاق کمیٹی کے پاس بھیجا جائے۔ میری گزارش ہے کہ اس معاملے میں جانچ کا حکم دیا جائے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں کارروائی ضروری ہے تاکہ ملک کا ماحول مزید خراب اورآلودہ نہ ہو۔
رمیش بدھوڑی نے پارلیمنٹ کو کیا شرمسار
واضح رہے کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی نے گزشتہ روزپارلیمنٹ کے ایوان کو شرمسارکردیا ہے۔ رمیش بدھوڑی نے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) رکن پارلیمنٹ اور سینئر مسلم لیڈر کنوردانش علی کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کیا۔ انہوں نے مسلم مخالف الفاظ کا بھی استعمال کیا۔ چندریان-3 پربولتے ہوئے بی جے پی رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی نے انتہائی نازیبا الفاظ کا استعمال کیا۔ رمیش بدھوڑی نے تمام حدیں پارکرتے ہوئے ذات پات پرمبنی نازیبا تبصرہ کیا۔ بی جے پی ایم پی رمیش بدھوڑی نے جن الفاظ کا استعمال لوک سبھا میں کیا ہے، اس کو یہاں نہیں لکھا جاسکتا۔ نئے پارلیمنٹ کے پہلے اورخصوصی اجلاس میں رمیش بدھوڑی نے اپنے بیان سے ایوان کو شرمسار کیا ہے۔ جنوبی دہلی سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی نے جب انتہائی نازیبا الفاظ کا استعمال لوک سبھا میں کیا اس وقت سینئربی جے پی رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر ہرش وردھن سنگھ ویڈیو میں مسکراتے ہوئے نظرآئے۔
بھارت ایکسپریس۔