Urdu Conclave 2026

Jamia Islamia Sanabal’s Annual Program 2025: طالبان علوم نبوت اورعلمائے کرام اپنی اصل سے جڑے رہیں اور اپنی ذمہ داریوں کوادا کرتے رہیں، جامعہ اسلامیہ سنابل کے سالانہ اجلاس کے اختتامی پروگرام میں علماء ودانشوران کا اظہارخیال

تعلیمی وتربیتی ادارہ جامعہ اسلامیہ سنابل میں نادی الطلبہ کی جانب سے ہونے والے پانچ روزہ قراء تِ قرآن کریم، عربی، اردو، انگریزی اورہندی زبانوں میں تقریری وتحریری، مشاعرہ اور کوئز پرمشتمل سالانہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ ان تمام پروگراموں میں طلبا نے مختلف مقابلوں میں پورے جوش وخروش کے ساتھ حصہ لیا، جس میں دہلی کی جامعات، یونیورسٹیوں کے اساتذہ، پروفیسران اورائمہ وخطباء مساجد نے مختلف نشستوں میں حکم کے فرائض انجام دیئے۔

نئی دہلی: ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر، نئی دہلی کے اعلیٰ تعلیمی وتربیتی ادارہ جامعہ اسلامیہ سنابل، نئی دہلی میں نادی الطلبہ کی جانب سے ہونے والے پانچ روزہ قراء تِ قرآن کریم، عربی، اردو، انگریزی اورہندی زبانوں میں تقریری وتحریری، مشاعرہ اورکوئزپرمشتمل سالانہ اجلاس 20 دسمبر2025 بروزسنیچربعد صلاۃ عصرومغرب بحسن وخوبی اختتام پذیرہوا۔ ان تمام پروگراموں میں مرحلہ ثانویہ وعالیہ ومرحلہ متوسطہ اورمعہد عثمان بن عفان لتحفیظ القرآن الکریم، جوگابائی کے طلبہ نے مختلف مقابلوں میں پورے جوش وخروش کے ساتھ حصہ لیا، جس میں دہلی کی جامعات ،یونیورسٹیوں کے اساتذہ، پروفیسران اورائمہ وخطباء مساجد نے مختلف نشستوں میں حکم کے فرائض انجام دیئے، جن میں جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی ، جواہرلال نہرو یونیورسٹی، اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی، جامعہ سید نذیرحسین محدث دہلوی، المعہدالعالی ابوالفضل انکلیو، جامعہ نگر، نئی دہلی قابل ذکرہیں۔

ان کے علاوہ مختلف میدان ہائے عمل میں مصروف سنابلی فارغین اوراخبارات ورسائل کے ایڈیٹران اورخود جامعہ اسلامیہ سنابل کے اساتذہ نے بڑی جگرسوزی اورمحنت سے حکم وصدارت کے فرائض انجام دیئے۔ سالانہ اجلاس کا اختتامی پروگرام بروزسنیچر20 دسمبر2025 بعد صلاۃ عصرتا صلاۃ عشاء جامع مسجد عمربن خطاب جامعہ اسلامیہ سنابل کے پروگرام ہال میں سینٹر کے صدرمولانا محمد رحمانی سنابلی، مدنی کے زیرصدارت منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں مولانا احمد مجتبیٰ سلفی، مدنی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ سینٹرکے صدر عمومی وسینٹرکے جوائنٹ سکریٹری کے ہاتھوں مہمان خصوصی کی خدمت میں مومنٹوبھی پیش کیا گیا۔ اس کے بعد مساعد عمید جامعہ اسلامیہ سنابل مولانا زبیر احمد سنابلی نے نتائج کا اعلان کیا اور مہمانانِ گرامی قدروذمہ دارانِ جامعہ ومرکزکے ہاتھوں اول، دوم اورسوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کوتقسیم انعامات، اسناد وشیلڈ سے بھی نوازا گیا مزید یہ کہ اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کونقدی انعامات سے بھی نوازا گیا۔ اس کے بعد مہمانان گرامی قدرنے اپنے تأثرات پیش کئے۔

مولانا صلاح الدین مقبول احمد مدنی کی طلبا سے بڑی اپیل

مولانا صلاح الدین مقبول احمد مدنی نے اپنے تأثراتی گفتگومیں کہا کہ عزیزبچو! عقیدہ ومنہج سلف کولازم پکڑویہی ہماری کامیابی کا ضامن ہے، اگراس سے منحرف ہوئے تودنیا وآخرت میں ذلت ورسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ جوبھی بات کریں علمی بنیادوں پرکریں الفاظ وکلمات میں شائستگی ہونی چاہئے، آپ کے کلمات سے کسی کی دل آزاری نہیں ہونی چاہئے۔ اس کے بعد سینٹرکے سکریٹری مولانا عبداللہ محمد سعی سنابلی نے اپنے تأثراتی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ عزیز طلباء آپ باعمل بنیں، ورنہ یہ علم جوکچھ آپ نے حاصل کیا وہ بے سود ہوگا اسی طرح آپ اپنے اندرشکرگزاری کا جذبہ پیدا کریں کیونکہ جولوگ ناشکری اختیارکرتے ہیں وہ کامیاب نہیں ہوتے۔

جامعہ اسلامیہ سنابل کے نظام اورسرگرمی سے متاثر ہوئے مولانا احمد مجتبیٰ سلفی

مہمان خصوصی مولانا احمد مجتبیٰ سلفی، مدنی نے اپنے تأثراتی خطاب میں کہا کہ عزیزطلباء آپ اپنے اندرسلفیت کے تئیں باغیرت بنیں کیونکہ اس ادارہ کے بانی اور میرے استاذ مولانا عبدالحمید رحمانی کے اندربھی سلفیت کا تحمس تھا، وہ باغیرت تھے اوراپنے طلبہ کواس پرابھارتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بقول مولانا ابراہیم رحمانی، جامعہ اسلامیہ سنابل یہ دہلی میں موجود مدرسہ رحمانیہ کا امتداد ہے، جس طرح مدرسہ رحمانیہ سے فارغ التحصیل طلباء علوم وفنون کے ماہرہوتے تھے، ایسے ہی سنابل کے طلبہ کے اندرعلمی پختگی ہوتی ہے۔

مولانا محمد رحمانی نے بتایا دنیا وآخرت میں کامیابی کا نسخہ
بعد ازاں مولانا محمد رحمانی، مدنی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ مہمان خصوصی کا علمی حلقوں میں بڑا مقام ومرتبہ ہے، ہندوستان میں مدارس اسلامیہ کوقائم کرنے والے ہمارے جو اکابرین ہیں ان کے اندرتقوی، طہارت پائی جاتی تھی۔ ان مدارس سے فارغ ہونے والے طلباء اتقیاء وپرہیزگارہوا کرتے تھے، لہٰذا آج جومدارس اسلامیہ میں پڑھنے والے طلباء ہیں ان کی بھی اہم ذمہ داری ہے کہ وہ با اخلاق بنیں، اپنے اندرعلمی پختگی پیدا کریں، منہج سلف کولازم پکڑیں، ملامت کرنے والوں کی ملامت کی پرواہ نہ کریں۔ کیونکہ یہ وہ واحد سرمایہ ہے جس کی حفاظت کرنے سے ہم دنیا وآخرت میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ اس کے بغیردنیا وآخرت میں ہمیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بڑے افسوس کی بات ہے کہ آج ہماری نوجوان نسل منہج سلف سے دن بدن دورہوتی چلی جارہی ہے، لہٰذا عزیزطلباء آپ منہج سلف کوسمجھیں، دنیوی فوائد کے لیے اس کونظراندازنہ کریں، اسی طرح اپنے اندرشکرگزاری کا جذبہ پیدا کریں، اپنے حوصلہ کوہمیشہ بلند رکھیں، سستی وکاہلی کے شکارنہ ہوں۔ دین کے میدانوں میں آگے بڑھیں، اپنے اندراخلاص پیدا کریں، اپنی اصل سے جڑیں، اسلاف کی سوانح کو پڑھیں، ان کی کتابوں سے مستفید ہوں۔ ان کے طرزپرچل کرآپ بھی مفسر، محدث فقیہ بنیں، امربالمعروف ونہی عن المنکردونوں پہلؤوں کوسامنے رکھیں، اد ب کے دائرے میں رہ کراگرنہی عن المنکرسے کسی کی دل آزاری ہوتی ہے تو ہوتی رہے اس کی پرواہ نہ کریں کیونکہ اس امت کوخیرامت اس لئے قراردیا گیا ہے کہ وہ دونوں پہلووں کوسامنے رکھتی ہے، اگرنہی عن المنکرکوترک کردیا گیا، توآپ خیر امت کے مستحق نہیں ہوسکتے ہو۔ اخیرمیں سینٹرکے نائب صدرمولانا وسیم احمد سنابلی ریاضی نے سینٹرکے صدرعمومی صدرجلسہ اورمہمان خصوصی ودیگرذمہ داران مرکز، مہمانان گرامی قد رواساتذہ کرام اورعزیزطلباء کا شکریہ ادا کیا، پھرمجلس کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔ واضح رہے کہ اس پروگرام کی نظامت مشرف نادی الطلبہ مولانا عبدالبرسنابلی، مدنی نے کی۔

مختلف زبانوں میں طلبا نے دکھائے اپنے جوہر

اس سے قبل پروگرام کا آغازامین شعبہ خطابت محمد عدنان محمد اخلاق کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔ بعد ازاں اردوزبان میں عبداللہ محمد عرفان نے مہمانوں کی خدمت میں خطبۂ استقبالیہ پیش کیا۔ اس کے بعد پانچ روزتک مختلف موضوعات پرطلبائے سنابل کے مابین جومسابقات کرائے گئے، اس کے فائزین کے نمونے پیش کئے گئے، سب سے پہلے تلاوتِ قرآن پاک کے تین نمونے بالترتیب نبیل خیرالانام، تنزیل رحمانی مشمل رحمانی، شعیب اختر، اخترحسین نے پیش کئے۔ پھراردوکے دو، عربی، انگریزی ،ہندی تقاریراورعربی، اردومقالہ نگار ی کے ایک ایک نمونے بالترتیب محمد زید محمد الیاس، اخلاق معراج معراج الدین، بشارانصاری ابوالبیان انصاری، حفیظ الرحمن تبارک علی، محمد احسان محمد سرفرازعالم، محمد انس راعین محمد ناصرراعین اور عبدالبرمقبول عبدالحی نے پیش کیے اورشعری نمونہ ضیغم ظفرظہیراحمد نے پیش کیا۔ اس کے بعد مارشل آرٹ کا نمونہ عبدالنورعبدالرحیم اوران کے رفقاء نے پیش کیا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read