Bharat Express

ملک میں مسلمانوں پر منصوبہ بند طریقے سے کیا جا رہا ہے تشدد، جماعت اسلامی نے موجودہ صورتحال پر اٹھایا سوال

امیرجماعت اسلامی سید سعادت اللہ حسینی نے نفرتی بیانات کے حوالے سے کہا کہ “مسلمانوں کو جذباتی ٹھیس پہنچانے کے لیے پیغمبراسلام کی شان میں گستاخانہ تبصرے کئے جاتے ہیں مگر مجرمین کے خلاف کارروائی نہ ہونے سےان کے حوصلے بڑھتے جارہے ہیں۔

جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے۔

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے مرکزجماعت میں منعقدہ پریس کانفرنس میں جموں وکشمیراورہریانہ میں انتخابی نتائج، مسلمانوں اورعبادت گاہوں پرتشدد وتضحیک، ’ون نیشن ون الیکشن‘ اورمشرق وسطیٰ کی صورتحال پرتفصیلی بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’جموں وکشمیراور ہریانہ میں بننے والی نئی حکومت عوام کے حقیقی مسائل، اقتصادی ترقی اورجموں وکشمیرکی ریاستی حیثیت کوبحال کرنے پراپنی توجہ مرکوزکرے اور بغیرکسی تفریق کے سب کی ترقی اورخوشحالی کے لئے کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ان دنوں مسلمانوں اوران کی عبادت گاہوں کے خلاف تشدد اورحملوں کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ جھوٹے الزامات عائد کرکے مسلم نوجوانوں پرتشدد اوران کی عبادت گاہوں کومسمارکیا جارہا ہے۔ حالیہ دنوں ضلع سومناتھ میں 500 پرانے قبرستان، مسجد اوردرگاہوں کومنہدم کردیا گیا۔” سومناتھ میں ہوئی انہدامی کارروائیوں کا زمینی جائزہ لینے والے جماعت کے اعلیٰ سطحی وفد میں شامل نائب امیرجماعت اسلامی ہند سلیم انجینئراورقومی سکریٹری شفیع مدنی بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔

سومناتھ میں انہدامی کارروائی کا جماعت اسلامی نے لیا جائزہ
جماعت اسلامی کے وفد میں شامل نائب امیرجماعت اسلامی ہند سلیم انجینئرنے سومناتھ میں ہوئی غیرقانونی انہدامی کارروائی کی سرگزشت کوصحافیوں کے سامنے پیش کیا اوربتایا کہ کس طرح تقریباً 200 ایکڑکے وسیع وعریض علاقے میں پھیلی متعدد درگاہوں، مقبروں، مسجد، عیدگاہ اورقبرستان کوغیرقانونی طریقے سے منہدم کردیا گیا۔ آپ نے اس قسم کی انہدامی کاروائیوں کو سختی سے روکنے، منہدم عمارتوں اورمکمل احاطہ کی مذہبی حیثیت کو بحال کرنے اورمتعلقہ عہدیداران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

گستاخ رسول کے خلاف نہیں ہوتی ہے کارروائی: جماعت اسلامی

امیرجماعت اسلامی سید سعادت اللہ حسینی نے نفرتی بیانات کے حوالے سے کہا کہ “مسلمانوں کو جذباتی ٹھیس پہنچانے کے لیے پیغمبراسلام کی شان میں گستاخانہ تبصرے کئے جاتے ہیں مگر مجرمین کے خلاف کارروائی نہ ہونے سےان کے حوصلے بڑھتے جارہے ہیں۔ ان حالات میں ملک کے رہنماؤں، دانشوروں اورمذہبی شخصیات کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے خلاف اٹھائیں اورمذہب و ثقافت کے نام پرنفرت پھیلانے والوں کو منہ توڑجواب دیں۔” ’ون نیشن ون الیکشن‘ پراظہارخیال کرتے ہوئے امیرجماعت نے کہا کہ “پارلیمانی واسمبلی انتخابات کے ایک ساتھ کرانے سے ریاست کے مخصوص مسائل حاشیے پر چلے جائیں گے، ملک کا فیڈرل اسٹرکچرکمزورہوگا اورعلاقائی جماعتیں کمزورہوجائیں گی، نیزحکومت پرعوام کے سامنے جواب دہی کا دباؤ بھی کم ہوگا۔ جوجمہوریت کے لئے انتہائی نقصاندہ ہے، اس لئے جماعت ایک ملک ایک الیکشن کے تصورکی مخالفت کرتی ہے۔”

مشرق وسطیٰ کے حالات تشویشناک: سید سعادت اللہ حسینی
مشرق وسطیٰ کی صورت حال پراظہارخیال کرتے ہوئے سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ’’مشرق وسطیٰ کے حالات انتہائی تشویشناک بنے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اسرائیل اورایران کے درمیان بھیانک جنگ کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ یہ جنگ نہ صرف خطہ بلکہ عالمی معیشت کے لیے تباہ کن ثابت ہو گی۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس تنازع کو فلسطین کے لیے دو ریاستی حل کے امکانات کو ختم کرنے اور خطے کو مزید عدم استحکام سے دوچار کرنے کے ایجنڈے کے تحت بھڑکایا جارہا ہے۔ اسرائیل کی طرف سے جاری نسل کشی کی جنگ کو ایک سال مکمل ہوچکا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں جانیں گئیں، خاص طورپرغزہ میں 40 ہزارسے زیادہ لوگ مارے گئے جن میں زیادہ ترعورتیں، بچے اوربزرگ ہیں۔ اسرائیل بے گناہ شہریوں کوقتل کرنے کے علاوہ مزاحمتی تحریکوں کے رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ کرتا ہے۔ اسرائیل کا یہ عمل صریح دہشت گردی اوربین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اسرائیل کی دہشت گردی کوروکنے کے لیے اقوام متحدہ اورعالمی برادری کواپنے اثرورسوخ کا استعمال کرنا چاہئے۔ اس پرپابندیاں عائد کرکے جنگی جرائم کے لیے جوابدہ قراردیا جائے۔ جماعت اسلامی ہند، سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ایک اتحادی فورس تشکیل دے جوفوری طورپرجنگ بندی کو نافذ کرنے اوراسرائیل کو بے اثرکرنے کی ذمہ داری ادا کرے تاکہ دنیا کواس کی تباہ کاری سے بچایا جاسکے۔ جماعت، حکومت ہند سے بھی مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اپنی خاموشی توڑے اوراعتدال پسند عرب ریاستوں کے ساتھ مل کرمزید کشیدگی کوروکے اورعلاقائی امن واستحکام کی بحالی کی راہ ہموار کرے۔”

 -بھارت ایکسپریس

Also Read