بھارتی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش ترپاٹھی نے کہا ہے کہ بھارتی بحریہ کسی بھی داخلی یا بیرونی خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے عالمی سمندری سلامتی، تجارتی راستوں کے تحفظ، سمندری لٹیروں کے خلاف کارروائیوں اور پاکستان پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے جاری ’’آپریشن سندور‘‘ کی کامیابیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ ایڈمرل ترپاٹھی نے 2 دسمبر کو منعقدہ سالانہ پریس کانفرنس میں کہا کہ سمندری خطے میں خطرات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، خاص طور پر بحر احمر میں حوثی گروہوں جیسے نان اسٹیٹ ایکٹرز کی سرگرمیوں نے عالمی بحری تجارت کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی بحریہ نے پرو ایکٹیو دفاعی حکمت عملی کے تحت مختلف اہم سمندری علاقوں میں 40 بڑے جنگی بحری جہاز تعینات کیے ہیں تاکہ 50 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ مالیت والے کارگو کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔
سمندری لٹیروں کے خلاف بڑی کامیابی
ایڈمرل ترپاٹھی نے بتایا کہ حالیہ آپریشنز کے دوران بھارتی بحریہ نے 52 سمندری لٹیروں کو گرفتار کیا ہے جو عالمی بحری سلامتی میں اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بحریہ عالمی سطح پر قابلِ اعتماد سیکیورٹی پارٹنر کے طور پر ابھر رہی ہے۔
7,800 تجارتی جہازوں کی حفاظت
بحریہ سربراہ کے مطابق 2008 سے بھارت خلیج عدن میں مستقل موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہے اور اب تک 138 جنگی جہاز وہاں تعینات کیے جا چکے ہیں۔ بھارتی نیوی نے تقریباً 7,800 تجارتی جہازوں کو محفوظ اسکواٹ فراہم کیا ہے، جو بھارتی بحریہ کی عالمی سطح پر طاقت اور ذمہ داری کا ثبوت ہے۔
’’آپریشن سندور‘‘ نے پاکستان کو محدود کیا
پریس کانفرنس کے دوران ایڈمرل ترپاٹھی نے ’’آپریشن سندور‘‘ کا ذکر بھی کیا جو اپریل میں پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے (جس میں 26 ہلاکتیں ہوئیں) کے بعد مئی میں شروع کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس آپریشن نے پاکستان بحریہ پر زبردست دباؤ ڈالا اور بھارتی بحریہ کی جارحانہ حکمت عملی اور بہترین بحری انٹیلیجنس کے باعث پاکستانی بحریہ بین الاقوامی پانیوں تک بھی نہیں جا سکی۔
پاکستان کی ہر کوشش ناکام
انہوں نے کہا کہ شمالی بحیرہ عرب میں بھارتی کیریئر بیٹل گروپ کی تعیناتی نے پاکستان کی بحری قوت کو اس کے بندرگاہی علاقوں اور مکران ساحل تک محدود کر دیا، جس سے پاکستان کسی بھی جارحانہ اقدام میں ناکام رہا اور اسے بھاری معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ ایڈمرل ترپاٹھی نے واضح کیا کہ ’’آپریشن سندور‘‘ اب بھی جاری ہے، اس لیے کئی حساس تفصیلات فی الحال ظاہر نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بحریہ اپنے قومی مفادات کے تحفظ اور سمندری علاقوں کی سکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

