Bharat Express DD Free Dish

India Set to Hit 43 GW Renewable Capacity in 2025: ہندوستان 2025 میں قابل تجدید توانائی کی صلاحیت میں کرے گا ریکارڈ 43 گیگا واٹ تک اضافہ: پرہلاد جوشی

مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت نے بجلی کی ترسیل میں رکاوٹوں جیسے مسائل کو حل کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، جن کی بنیاد پر وہ پُرامید ہیں کہ بھارت 2030 تک 500 گیگا واٹ قابلِ تجدید توانائی کے ہدف کو حاصل کر لے گا۔

وزیر برائے نئی و قابلِ تجدید توانائی پرہلاد جوشی نے بدھ کے روز کہا کہ بھارت نے رواں سال اب تک 30 گیگا واٹ (Gw) قابلِ تجدید توانائی کی پیداوار کی گنجائش میں اضافہ کیا ہے اور توقع ہے کہ یہ تعداد سال کے اختتام تک 43 گیگا واٹ تک پہنچ جائے گی۔انھوں نے بتایا کہ یکم جنوری سے 30 جون 2025 کے دوران بھارت میں 22 گیگا واٹ شمسی اور ہوائی توانائی کی صلاحیت شامل کی گئی اور اب تک یہ مجموعہ 30 گیگا واٹ تک پہنچ چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’مجھے امید ہے کہ ہم سال کے آخر تک 39 سے 43 گیگا واٹ کے درمیان صلاحیت کا اضافہ حاصل کر لیں گے۔‘‘

مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت نے بجلی کی ترسیل میں رکاوٹوں جیسے مسائل کو حل کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، جن کی بنیاد پر وہ پُرامید ہیں کہ بھارت 2030 تک 500 گیگا واٹ قابلِ تجدید توانائی کے ہدف کو حاصل کر لے گا۔ فی الحال بھارت میں 226 گیگا واٹ قابلِ تجدید توانائی نصب ہے، جب کہ 186.3 گیگا واٹ کے منصوبے زیرِ تعمیر ہیں اور مزید 67.08 گیگا واٹ کی نیلامی مکمل ہو چکی ہے۔ اگر موجودہ صلاحیت اور تمام زیرِ تکمیل و مجوزہ منصوبے شامل کیے جائیں تو مجموعی ہدف 499 گیگا واٹ تک پہنچ جائے گا۔

پرہلاد جوشی نے کہا کہ حکومت قابلِ تجدید توانائی منصوبوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے موسمیاتی پیش گوئی کے نظام کو مزید درست بنانے پر کام کر رہی ہے اور بجلی فروخت معاہدوں (PSAs) میں تاخیر جیسے مسائل کو بھی حل کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت نے شمسی، ہوائی اور ہائبرڈ منصوبوں کے نیلامی رہنما اصول میں بھی ترامیم کی ہیں، جن کے تحت اگر کسی منصوبے کی پیش رفت 12 ماہ سے زیادہ تاخیر کا شکار ہو تو لیٹر آف ایوارڈ (LoA) منسوخ کیا جا سکتا ہے۔ وزارت بجلی نے 500 گیگا واٹ کی صلاحیت کے لیے ضروری ٹرانسمیشن سسٹم پر عملدرآمد کا تفصیلی منصوبہ تیار کیا ہے، جو تمام قابلِ تجدید توانائی سے مالا مال ریاستوں کا احاطہ کرتا ہے۔انھوں نے مزید بتایا کہ حکومت گرین انرجی کوریڈور فیز-3 اور PM-KUSUM اسکیم کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کرنے جا رہی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔