Bharat Express DD Free Dish

PM Modi Aurangabad Rally : ’’بھیا کی حکومت آئے گی تو کٹّہ-پھرَوتی یہی سب چلے گا‘‘، وزیر اعظم مودی نے بہار کے عوام کو کیا خبردار

وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار کے اورنگ آباد میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) پر سخت حملہ بولا۔ وزیر اعظم نے عوام کو خبردار کیا کہ ’’یہ لوگ خود کہہ رہے ہیں کہ اگر بھیا کی حکومت آئی تو کٹّہ-پھرَوتی چلے گی۔ لیکن بہار کو اب ایسی کٹّہ حکومت نہیں چاہیے‘‘۔

اورنگ آباد، 7 نومبر : وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو بہار کے اورنگ آباد میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) پر سخت حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ ’’جنگل راج والے‘‘ وہ سب کچھ رکھتے ہیں جو ریاست میں نوکریوں اور سرمایہ کاری دونوں کے لیے خطرہ ہے۔ مودی نے عوام کو متنبہ کیا کہ ’’یہ لوگ خود کہہ رہے ہیں کہ اگر بھیا کی حکومت آئی تو کٹّہ-پھرَوتی چلے گی۔ لیکن بہار کو اب ایسی کٹّا حکومت نہیں چاہیے‘‘۔

اپنے خطاب کے آغاز میں وزیر اعظم مودی نے اورنگ آباد کی دھرتی کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ یہ قربانی اور بہادری کی زمین ہے۔ انہوں نے آزادی کے مجاہدین انوگرہ بابو اور جگدیو بابو کو یاد کیا اور کہا کہ ’’یہ خطہ ہمیشہ قربانی کی علامت رہا ہے۔ میں یہاں کے تمام مجاہدینِ آزادی کو نمن کرتا ہوں‘‘۔ مودی نے کہا کہ پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں بہار کے عوام نے این ڈی اے حکومت کی واپسی کا پیغام دے دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’’پہلے مرحلے میں تقریباً 65 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے، جو اب تک کا سب سے زیادہ ہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ بہار کے عوام خود ترقی کی گاڑی کو آگے بڑھا رہے ہیں‘‘۔

وزیر اعظم نے این ڈی اے حکومت کی ترقیاتی کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ریاست کی صلاحیت کے مطابق مختلف صنعتوں کو فروغ دیا ہے۔ ’’کہیں فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری قائم کی جا رہی ہے، کہیں سیاحت کو بڑھایا جا رہا ہے، کہیں ٹیکنالوجی کمپنیوں کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے، تو کہیں مینوفیکچرنگ کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ جہاں جو طاقت ہے، وہاں وہی صنعت لگائی جا رہی ہے‘‘۔

انہوں نے حکومت کی اہم کامیابیاں گنواتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے کہا تھا رام مندر بنے گا اور آج ایودھیا میں شاندار رام مندر بن چکا ہے۔ وعدہ کیا تھا کہ آئین کی دفعہ 370 کی دیوار گرائی جائے گی اور وہ بھی ہم نے ختم کر دی۔ بہار کی اسی دھرتی سے میں نے کہا تھا کہ پہلگام حملے کا بدلہ لیا جائے گا اور ملک نے دیکھا کہ آپریشن سندور میں پاکستان کے دہشت گرد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے‘‘۔ مودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے نکسل واد کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں اور فوجیوں سے کیا گیا ’ون رینک، ون پنشن‘ کا وعدہ بھی پورا کیا۔ ’’گزشتہ 11 برسوں میں ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم دی جا چکی ہے‘‘۔

انہوں نے اپوزیشن کے مہاگٹھ بندھن پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور آر جے ڈی اقتدار کے لیے کسی کو بھی دھوکہ دے سکتے ہیں۔ ’’اورنگ آباد اس کا سب سے بڑا گواہ ہے۔ آر جے ڈی نے کانگریس کے صوبائی صدر کی توہین کی، انہیں وہ سیٹیں دیں جو پارٹی گزشتہ 35-40 سال سے نہیں جیت سکی۔ آر جے ڈی نے کانگریس کی کنپٹی پر کٹّہ رکھ کر ان سے وزیر اعلیٰ کی امیدواری چھین لی‘‘۔ وزیر اعظم نے سوال کیا کہ ’’جو لوگ اپنے ساتھیوں کو دھوکہ دے سکتے ہیں، کیا وہ بہار کی عوام کے خیر خواہ ہو سکتے ہیں‘‘؟ آخر میں مودی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بہار کے روشن مستقبل کے لیے این ڈی اے کے حق میں ووٹ دیں تاکہ ترقی اور امن کی رفتار برقرار رہے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read