گوہاٹی: آسام کی سیاست میں پیر کا دن تاریخی ثابت ہوا، جب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر ہمنت بسوا سرما نے مسلسل دوسری بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لے کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ گوہاٹی میں منعقدہ شاندار تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر نتن گڈکری اور این ڈی اے کے زیر اقتدار کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ شریک ہوئے۔ تقریب میں سیاسی طاقت اور اتحاد کا واضح مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ ہمنت بسوا سرما اب آسام کے پہلے ایسے غیر کانگریسی لیڈر بن گئے ہیں جنہوں نے مسلسل دو مرتبہ وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا ہے۔ ریاستی گورنر لکشمن پرساد آچاریہ نے انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ ان کے ساتھ کئی وزراء نے بھی کابینہ کے رکن کے طور پر حلف لیا، جن میں رامیشور تیلی، اتل بورا، چرن بورو اور اجنتا نیوگ شامل ہیں۔
A great day for Assam!
For the third consecutive time, the NDA Government assumes office. Congratulations to Dr. Himanta Biswa Sarma Ji on taking oath. He has made a mark as a wonderful administrator and has done pioneering work for the state. My best wishes to him for the… pic.twitter.com/WfBHleB7iM
— Narendra Modi (@narendramodi) May 12, 2026
وزیر اعظم نریندر مودی نے تقریب کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ ”آسام کے لیے یہ ایک شاندار دن ہے۔ این ڈی اے حکومت نے مسلسل تیسری بار اقتدار سنبھالا ہے“۔ انہوں نے ہمنت بسوا سرما کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود کو ایک بہترین منتظم اور عوامی لیڈر کے طور پر ثابت کیا ہے۔ وزیر اعظم نے نئی کابینہ کے دیگر ارکان کو بھی مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ نئی حکومت ریاست کی ترقی کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔ مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی ہمنت بسوا سرما کی قیادت پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آسام آنے والے برسوں میں ترقی، امن اور خوشحالی کی نئی مثال قائم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست میں بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت اور روزگار کے شعبوں میں تیزی سے کام ہوگا اور حکومت عوامی فلاح کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرے گی۔
اس موقع پر مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آسام کے لیے تقریباً دو لاکھ کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سڑکوں، شاہراہوں، پلوں اور دیگر انفراسٹرکچر منصوبوں کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جائے گی۔ گڈکری کے مطابق یہ منصوبے نہ صرف آسام بلکہ پورے شمال مشرقی خطے کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ نتن گڈکری نے کہا کہ آسام کے عوام نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت اور ہمنت بسوا سرما کی گڈ گورننس پر ایک بار پھر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت ترقی، شفافیت اور عوامی بہبود کے ایجنڈے پر کام جاری رکھے گی۔
تقریب حلف برداری کے دوران گوہاٹی میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ سیاسی رہنماؤں، سرکاری افسران، سفارت کاروں اور ہزاروں کارکنوں کی موجودگی نے تقریب کو خاص بنا دیا۔ بی جے پی کارکنوں نے جشن مناتے ہوئے اسے آسام کی سیاست میں ایک نئے دور کی شروعات قرار دیا۔ سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ ہمنت بسوا سرما کی دوبارہ تاجپوشی نہ صرف آسام بلکہ پورے شمال مشرق میں بی جے پی کی مضبوط ہوتی سیاسی پوزیشن کا اشارہ ہے۔ آنے والے دنوں میں ریاست میں ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



