نئی دہلی، 14 دسمبر، 2023 (پریس ریلیز): گذستہ 4/دسمبر2023سے حج 2024 کے لیے فارم بھرنے کے عمل کے تحت دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی میں اب تک تقریباً 1300 حج فارم موصول ہو چکے ہیں۔ان میں 70 سال یا اس سے زائد عمر کے 41 افراد، 24 غیر محرم خواتین اور 959 جنرل کیٹیگری کے درخواست گزار شامل ہیں۔ آج دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے آصف علی روڈ پر واقع حج منزل دفتر میں حج فارم بھرنے والے امیدواروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے خاص طور پر ان خواتین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جنہوں نے بغیر محرم کے حج کے لیے درخواست فارم داخل کئے ہیں اور انہیں یقین دلایا کہ وہ حج 2024 میں ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گی اور انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنے دیا جائے گا۔
کوثر جہاں نے خاص طور پر اب تک 24 غیر محرم خواتین کی طرف سے فارم بھرنے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند نے خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت میں جو قدم اٹھایا ہے، خاص طور پر سماجی حقوق کی سمت اور اقلیتی طبقہ کی خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت میں ناقابل مثال کوششوں کے تناظر میں، ہر سال محرم کے بغیر حج پر جانے والی خواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد حکومت ہند کی قابل ستائش کوششوں کی کامیابی کاواضح اشارہ ہے۔
واضح رہے کہ اس سال دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں کی ذاتی کوششوں سے 18 دسمبر 2023 کو دوپہر 2:30بجے سے حج منزل میں ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ریجنل پاسپورٹ آفیسر بھی شرکت کریں گے اور حج کے لیے پاسپورٹ کے درخواست دہندگان سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ علاقائی پاسپورٹ آفس کے دیگر افسران بھی پاسپورٹ فارم بھرنے سے متعلق تربیت فراہم کریں گے اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی سفارش پر حج امیدواروں کو پاسپورٹ کی بروقت دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔
بھارت ایکسپریس۔