دہلی اسمبلی انتخابات میں چند ماہ باقی رہ گئے ہیں جس سے قبل بی جے پی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر برہم سنگھ تنور عام آدمی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ ‘عآپ’ کے کنوینر اروند کجریوال نے انہیں پارٹی میں شامل کیاہے۔ برہم سنگھ تنور 1993 اور 1998 میں مہرولی اور 2013 میں چھتر پور سے اسمبلی انتخابات جیت چکے ہیں۔تنور پارٹی کے آغاز سے ہی اس کے مستقل رکن رہے ہیں۔ برہم سنگھ تنور 1975 میں ایمرجنسی کے دوران جیل بھی گئے تھے۔ تنور نے 1977 میں اپنا پہلا الیکشن لڑا اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی اور کارپوریشن کونسلر بن گئے۔ اس طرح برہم سنگھ تنور تین بار ایم ایل اے اور تین بار کونسلر رہ چکے ہیں۔
श्री ब्रह्म सिंह तंवर जी का आम आदमी पार्टी परिवार में स्वागत है। https://t.co/MXkHr5A5Lj
— Arvind Kejriwal (@ArvindKejriwal) October 31, 2024
امکان ہے کہ برہم سنگھ تنور عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر چھترپور سے الیکشن لڑ یں گے۔ چھتر پور کے موجودہ ایم ایل اے کرتار سنگھ تنور نے حال ہی میں عام آدمی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔عام آدمی پارٹی میں شامل ہونے کے بعد برہم سنگھ تنور نے کہاکہ “میں نے بی جے پی سے تعلقات توڑنے اور اروند کجریوال کے ساتھ کام کرنے کا ذہن بنا لیا ہے۔ میں نے اب تک اپنے علاقے میں پورے این سی آر کی خدمت کی ہے۔ اب اروند کجریوال کے ساتھ ہم مل کر خدمت کریں گے۔ ہم اور ہمارا علاقہ آنے والے انتخابات میں اے اے پی حکومت کی حمایت کرتے ہیں۔
اروند کیجریوال نے کیا کہا؟
اس موقع پر اروند کجریوال نے کہا کہ آج آپ کے لیے خوشی کا دن ہے۔ برہم سنگھ تنور دہلی کی سیاست کا ایک بڑا چہرہ ہیں۔ 50 سالوں سے دہلی کے لوگوں کی مختلف طریقوں سے خدمت کر رہے ہیں۔ دو بار چھتر پور اور ایک بار مہرولی سے ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ دہلی کی ترقی میں انہوں نے بہت تعاون کیا ہے۔ آج وہ بی جے پی چھوڑ کرعام آدمی پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ دہلی اور پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت کے اقدامات سے متاثر ہوکر ‘عآپ’ کا خاندان بڑھ رہا ہے۔اور اس بڑھتے خاندان میں ہم برہم سنگھ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔