نئی دہلی : اتر پردیش کے ضلع مئومیں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب گورکھپور سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان رانچی میں بیٹی کی شادی کی تقریب سے واپس گھر لوٹ رہے تھے۔ اس المناک واقعے میں خاندان کے پالتو کتے کی بھی موت ہو گئی، اس المناک حادثے نے نے خوشیوں کو اچانک غم میں بدل دیا۔پولیس کے مطابق حادثہ دوہری گھاٹ تھانہ علاقے میں برست پور-اہیرانی ہائی وے پر رات تقریباً دو بجے پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسکارپیو گاڑی اچانک بے قابو ہو کر اپنی لین سے دوسری لین میں چلی گئی، جہاں سامنے سے آ رہے ایک تیز رفتار ٹریلر سے اس کی زوردار ٹکر ہو گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی میں سوار پانچوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر چیخ و پکار مچ گئی اور آس پاس کے لوگ بڑی تعداد میں وہاں جمع ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ لاشوں کو نکال کر ضلع اسپتال مئو بھیجا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کی کارروائی انجام دی جا رہی ہے۔مرنے والوں کی شناخت ونے کمار سریواستو (53)، ان کی اہلیہ ارچنا سریواستو (48) اور بیٹے کرتارتھ سریواستو (27) کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ رویندر یادو (20) اور پروشوتم کمار (28) بھی اس حادثے میں جاں بحق ہوئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ رویندر یادو اور پروشوتم کمار کا تعلق بہار کے ضلع گیا کے مٹیہانی گاؤں سے تھا۔یہ خاندان رانچی میں اپنی بیٹی کی شادی انجام دینے کے بعد گورکھپور کے رانی ڈیہا گاؤں واپس جا رہا تھا، مگر منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی یہ اندوہناک حادثہ پیش آ گیا۔
ایک ہی خاندان کے کئی افراد کی بیک وقت موت نے پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی طور پر گاڑی کے بے قابو ہونے کو حادثے کی بڑی وجہ مانا جا رہا ہے، تاہم دیگر پہلوؤں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ معاملے کی مکمل جانچ کے بعد مناسب کارروائی کی جائے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


