ڈی یو ایس یو (دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین) کے انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ DUSU میں کئی سالوں کے بعد تختہ پلٹ ہوتا دکھائی دے رہا ہے، چونکہ اس سال این ایس یو آئی نے صدر اور سکریٹری کے عہدوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔ وہیں اے بی وی پی نے نائب صدر اور جوائنٹ سکریٹری کے عہدوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ آپ کو بتادیں کہ نارتھ کیمپس میں ووٹوں کی گنتی آج صبح 8 بجے سے شروع ہوئی، جو دیر شام تک جاری رہی، 15ویں راؤنڈ کے بعد بھی صدر کے عہدے کے لیے این ایس یو آئی کے رونق کھتری آگے چل رہے تھے، جو کہ آخری میں بھی فاتح رہے۔
ڈوسوانتخابی عمل کی شفافیت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے گنتی کے مرکز پر کڑی نگرانی رکھی گئی تھی۔ اس کے لیے کل 14 سی سی ٹی وی کیمرے اور 8 ویڈیو کیمرے نصب کیے گئے تھے، تاکہ ہر سرگرمی پر درست نظر رکھی جا سکے اور کسی بھی قسم کی گڑبڑ کو روکا جا سکے۔اس طرح پوری طرح سے امن کے ماحول میں ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوا اور یہاں کانگریس کی اسٹوڈنٹس ونگ یعنی این ایس یو آئی صدر اور سکریٹری کے عہدوں پر جیت درج کرنے میں کامیاب رہی ۔جبکہ اے بی وی پی کو بھی دو سیٹیں ملی ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔